عثمان بزدار نااہلی اور نالائقی کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عثمان بزدار نااہلی اور نالائقی کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطانق مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید پر منافع خوروں نے عام شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ بزدار انتظامیہ عید مناتی رہی اور شہری ناجائز منافع خوروں کے رحم کرم پر رہے۔
مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ عید کے ایام میں مرغی کا گوشت 550،بیف 750اور مٹن 1500روپے کلو فروخت ہوا اور سبز مصالحہ جات کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرتی رہیں لیکن عثمان بزدار اور ان کے مشیر وں کی فوج ستو پی کر سوئی رہی۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت نے عید سے ایک روز قبل برائلر کی قیمت 418روپے مقرر کی لیکن پھر بھی عید کے دن مرغی کا گوشت مارکیٹ میں 550سے 500روپے کلو تک فروخت ہوتا رہا جبکہ بیف کی قیمت450 روپے مقرر کی گئی لیکن شہریوں کو بیف 750 روپے کلوتک فروخت کیا جاتا رہا۔
مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک ہزار والا مٹن 1500روپے تک فروخت ہورہا ہے جبکہ سبز مصالحہ جات کی قیمتیں بھی ایسے ہی بلند پرواز پر رہیں،یہ ہے عثمان بزدار کی کارکردگی جن کی عمران خان تعریفیں کرتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ عثمان بزدار ، ان کے چیلے اور خادمہ اول عید کے روز بھی شہبازشریف کو یاد کرتے رہے۔
مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اور عثمان بزدار میں نالائقی کے ریکارڈ قائم کرنے کی ریس لگی ہے، عمرانی ٹولے نے تین سالوں میں جتنی فکر مسلم لیگ ن کی اگر اتنی فکر قوم کے کرتے تو آج ایسے حالات نہ ہوتے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

