شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، محمود خان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ صوبے کے پانچ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پشاور، کوہاٹ، مردان، ایبٹ آباد اور سوات میں یہ پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ پراجیکٹ کے تحت مذکورہ شہروں میں میونسپل انفراسٹرکچر کوبہتر بنانے،پینے کے پانی کی فراہمی سمیت مجموعی طور پر 23 ذیلی منصوبے وضع کئے گئے ہیں۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ منصوبے کا تفصیلی انجنیئرنگ ڈیزائن متعلقہ فورم کو باضابطہ منظوری کے لئےپیش کردیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ہدایت دی کہ پراجیکٹ پر جلد عملی کام کا آغاز کرنے کیلئے زمین کے حصول سمیت تمام تر لوازمات تیز رفتاری سے مکمل کئے جائیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، عوامی فلاح کے اس منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر یا سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے رشکئی اسپیشل اکنامک زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون صحیح معنوں میں ایک گیم چینجر منصوبہ ہے، اس سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک میں تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دیگر اکنامک زونز بھی قائم کئے جارہے ہیں ، رشکئی اکنامک زون منصوبے سے لاکھوں ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ رشکئی اکنامک زون منصوبہ ادویہ سازی، آٹو موبیلز، گھریلو ایپلائنسز ، برآمدی مصنوعات اور دیگر تجارتی سرگرمیوں کا حب ثابت ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

