چیئرمین پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف حسن خان اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں ورنہ حکومت انہیں معطل کر دے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ایوان بالا میں سینیٹر محسن عزیز اور سینیٹر مشتاق احمد خان کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد کھیل صوبائی معاملہ ہے اور یہ صوبوں کی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ چیئرمین پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے، ہمیں متحد ہو کر اس معاملے پر آواز اٹھانی چاہئے۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کو معطل کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی زبوں حالی کی وجوہات کا تعین کرنا ضروری ہے، ماضی کی حکومتوں نے اس معاملے کو نظرانداز کیوں کیا، اٹھارویں ترمیم کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کے حوالے سے پالیسی بنانی چاہیے تھی، وفاق اور صوبوں کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے لئے روابط ضروری ہیں، اس حوالے سے صوبائی وزیر کھیل پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپورٹس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص ہیں جو مختلف مدوں میں خرچ کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم اور طلحہ طالب واپڈا کے ملازم ہیں، انہوں نے اپنی محنت سے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا اور ملک کا نام روشن کیا، وفاقی حکومت نے پاکستان اولپمک ایسوسی ایشن کو تمام سہولیات فراہم کی ہیں۔
ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے چیئرمین حکومت کی مشاورت کے بغیر اقدامات کر رہے ہیں جو ملک کی جگ ہنسائی اور بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ کوئی ان کا احتساب نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ نئی اسپورٹس پالیسی جلد سامنے لائی جائے گی، اس میں ریگولیٹری میکنزم ہو گا، کوئی بھی پاکستان کا نام اپنی مرضی سے استعمال نہیں کر سکے گا، ملک کی جگ ہنسائی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News