Advertisement

انسانی حقوق کی پاسداری،امتیازی نہیں ہونی چاہیے، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری،امتیازی نہیں ہونی چاہیے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں پاکستانی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی  سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم  و ستم کیاجارہاہے ، مختلف ممالک کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا ، انسانی حقوق سے متعلق امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے ، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز دی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا  کہ برطانوی سیکریٹری کو کشمیر میں بھارتی مظالم سے متعلق دستاویزات پیش کیے ، بھارت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے۔

Advertisement

وزیرخارجہ  کا کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس میں شرکت کر کے یہاں پہنچا ہوں، میں نے آج برطانوی وزیر خارجہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور مجھے کشمیر کی صورتحال پر بات کرنے کا موقع ملا۔

شاہ محمود قریشی  کا یہ بھی کہنا تھا کہ آل پارٹیز پارلیمانی گروپ برائے کشمیر، گاہے بگاہے کشمیر کی صورتحال پر توجہ دلاتا رہتا ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے بحث کا انعقاد خوش آئند ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ میں نے برطانوی وزیر خارجہ کی خدمت میں بھارتی قابض افواج کے کشمیر میں جنگی جرائم کے شواہد پر مشتمل ڈوزئیر پیش کیا جس پر برطانوی وزیر خارجہ نے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔

 شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا  کہ میں نے برطانوی وزیر خارجہ کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی اور انہوں نے قبول کی۔ میری برطانوی وزیر خارجہ کے ساتھ کشمیر، افغانستان اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی بات ہوئی جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی  ہوا۔

 وزیرخارجہ  کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں کہا کہ ہمارے 16 لاکھ پاکستانی برطانیہ میں مقیم ہیں جو اقتصادی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، برطانیہ کے ساتھ ہمارے دیرینہ مراسم ہیں ہم انہیں مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

شاہ محمود قریشی  کا یہ بھی کہنا تھا کہ برطانیہ سے آنیوالی ترسیل زر میں اضافہ ہوا ہے جس پر میں برطانوی پاکستانیوں کا شکر گزار ہیں، ہم برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے پرکشش مراعات دینے کے حوالے سے کوشاں ہیں۔

Advertisement

وزیرخارجہ نے کہا کہ کل مجھے کنزرویٹو پارٹی کے اہم ممبران سے ملاقات کا موقع ملا جبکہ پارلیمنٹ کی فارن ریلیشنز کمیٹی اور ڈیفنس کمیٹی کے سربراہان سے ملاقات اور گفتگو کا موقع ملا۔

شاہ محمود قریشی  کا کہنا تھا کہ ہائی کمشنر صاحب نے پاکستان ہاؤس میں کمیونٹی کے ساتھ ملاقات کا موقع فراہم کیا، یہاں بہت سے پارلیمنٹرینز سے میری ملاقات ہوئی۔

 وزیرخارجہ  کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم اہم کشمیری رہنماؤں کے ساتھ میری ملاقات ہوئی اور اچھی نشست ہوئی جبکہ میری نیویارک میں یورپی یونین کے خارجہ تعلقات اور سلامتی کے سربراہ جوزف بوریل سے ملاقات ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ میں نے انہیں قائل کیا کہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو افغان شہریوں کی معاونت کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے، سردیوں میں افغان شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔

 وزیرخارجہ  نے یہ بھی کہا  کہ ہمارے مقاصد افغانستان کے حوالے سے عالمی برادری کے ساتھ مماثلت رکھتے ہیں۔ ہم سب افغانستان میں قیام امن چاہتے ہیں، ہم ہوائی و زمینی ذرائع سے ادویات، خوراک افغانستان میں بھجوا رہے ہیں۔ یہ مشترکہ ذمہ داری ہے جسے سب کو مل کر ادا کرنا ہے، اگر افغانستان معاشی اعتبار سے دیوالیہ ہو جاتا ہے تو نقصان سب کو ہو گا۔

 شاہ محمود قریشی  کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی یلغار کا سامنا پاکستان سمیت یورپ کو بھی کرنا ہو گا، ہم شکرگزار ہیں کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے افغانستان میں انسانی بحران کے پیش نظر “فلیش اپیل” کی۔

Advertisement

 وزیرخارجہ  کا کہنا تھا کہ جنیوا میں اس حوالے سے 1.2 ارب ڈالر کی رقم کا وعدہ کیا گیا لیکن دوسری طرف ان کے اپنے 9 ارب ڈالر منجمد ہیں جنہیں ان پر خرچ کرنے کی اجازت ملنی چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ میں نے یہ معاملہ سیکرٹری بلنکن کے ساتھ بھی اٹھایا، انہوں نے بتایا کہ منجمد 9 ارب ڈالر میں سے ساڑھے سات ارب کے حوالے سے عدالتوں میں مقدمات چل رہے ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  مزید کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ہم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ایف ایم پورٹل قائم کیا ہے، یہ پورٹل اس وقت 26 سفارت خانوں میں فعال ہے۔

Advertisement
Advertisement
مزید پڑھیں

Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News


Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News


Advertisement
اختتام
مزید پڑھیں
آج کی بول نیوز
کراچی: ای چالان سسٹم کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر
فیلڈ مارشل کا دورہ پشاور، افغانستان کو واضح پیغام دے دیا
پی آئی اے کی نجکاری ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو گئی
امریکی ناظم الامور کی خواجہ آصف سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی، ٹی ٹی پی کے نائب امیر قاری امجد کا خاتمہ کر دیا گیا
رواں سال ملک بھر میں کتنی سردی پڑے گی، این ڈی ایم اے نے بتا دیا
Advertisement
Next Article
Exit mobile version