وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا48 واں اجلاس

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا48 واں اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے مقامی حکومتوں کے ٹرانزیکشن پلان کی اصولی منظوری دی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی کو عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں 12 ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات جاری رہیں گی، تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر شان رحمت اللعالمینؐ کے حوالے سے خصوصی تقریبات، محافل ہوں گی۔
عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ نبی آخرالزماں حضرت محمد ؐ کی تعریف وتوصیف بیان کرنابہت بڑا اعزاز اور انعام ہے، انسان تو انسان، فرشتے بھی نبی کریمؐ پردرودوسلام بھیجتے ہیں اور تا ابد بھیجتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ہر مسلمان حضرت محمدؐ کی شان بیان کرنا اپنے لئے سعادت سمجھتا ہے، سابق روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے شان رحمت اللعالمینؐ منانے کیلئے پورا عشرہ مخصوص کیا ہے۔
صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
واضح رہے اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے معروف صنعت کار ایوان صنعت و تجارت ملتان کے سابق صدر اور ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ جلال الدین رومی کی ملاقات ہوئی تھی۔
ملاقات میں جنوبی پنجاب میں صنعت وتجارت کے فروغ، لنگر خانوں کا قیام اور دیگر فلاحی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو سولر پاور واٹر فلٹریشن پلانٹس پراجیکٹس پر پیش رفت سے آگاہ کیا تھا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے صنعتکاروں کو کاروبار کے لئے مراعات اور مواقع فراہم کریں گے، مظفرگڑھ انڈسٹریل اسٹیٹ کو اسپیشل اکنامک زون کا درجہ دیا جائے گا۔
عثمان بزدار نے مزید کہا تھا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔
اس موقع پر خواجہ جلال الدین رومی نے کہا تھا کہ جلال الدین رومی فاؤنڈیشن ملتان میں عرصہ دراز سے بند 11 فلٹریشن پلانٹس کے انتظامات بھی کرے گی، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے اسپتالو ں میں مفت ادویات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ جلال الدین رومی کا مزید کہنا تھا کہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لئے بزدار حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں، وزیراعلیٰ عثمان بزدار حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

