پاکستان چلانا اب عمران خان کے بس کی بات نہیں، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان چلانا اب عمران خان کے بس کی بات نہیں۔
سراج الحق نے ڈی چوک پر جے آئی یوتھ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی یوتھ پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ حکومت کے در و دیوار ہلا سکتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں، نوجوان کراچی سے چترال تک اب جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ کرپٹ جاگیرداروں، وڈیروں اور فوجی گملوں میں پلنے والوں نے ملک کو تباہ کیا جبکہ حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے ملک کا بیڑہ غرق ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چلانا اب عمران خان کے بس کی بات نہیں۔ اسلامی ریاست کا نام لے کر سود، کرپشن اور بدعنوانی کو عام کیا گیا جبکہ اسلامی ریاست کا نام لے کر کشمیر بیچا گیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہناتھا کہ اسٹیل مل، ریلوے، پی آئی اے کو تباہ کر دیا گیا جبکہ ڈھائی کروڑ سے زائد بچے تعلیمی اداروں کے دروازے پر قدم نہیں رکھ سکے۔
دوسری جانب سراج الحق نے جماعت اسلامی یوتھ اسلام آباد مارچ کے شرکاء سے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آج اتنے بڑے نوجوان اسلام آباد میں جمع ہو کر آئینہ دکھا رہے ہیں، جس طرح کی حکومت مسلط کی گئی ہے وہ ایک کروڑ نوکریاں کیا ایک کروڑ پھلیاں بھی نہیں دے سکتی، نوجوان میرے ملک کا مستقبل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈگریاں جلانے کی ضرورت نہیں ظالم اور جابروں اور لوٹ مار کرنے والوں کو جلانے کی ضرورت ہے، حکمرانوں نے نوجوانوں کو مایوس کردیا ہے، پارلیمنٹ میں 74 سالوں سے نوجوانوں کی نمائندگی نہیں، پارلیمنٹ میں بین الاقوامی اسٹبلشمنٹ اور آئی ایم ایف کے ایجنٹ بیٹھے ہیں، یہ آپ کے مفادات کیلئے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، پاکستان تا قیامت قائم رہے گا، ان کرپٹ حکمرانوں اور کشمیر کا سودا کرنے والوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے، عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ اگر 1 ہزار نوجوانوں نے گو عمران گو کا نعرہ لگایا تو میں استعفیٰ دے دوں گا، آج آپ کی جماعت کے جلسوں میں بھی گو عمران گو اور نو عمران نو کے نعرے لگ گئے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے الیکشن کمیشن کے خلاف اعلان جنگ کیا اور 22 کروڑ عوام کے ساتھ دھوکہ کیا، عمران خان اللہ سے ڈرو آپ کے ہر لفظ کو اللہ نے اپنے ریکارڈ میں محفوظ کرلیا، قیامت میں بھی آپ کی پکڑائی ہوگی، عمران خان اور نواز شریف دونوں لندن کے کرکٹ گراؤنڈ میں اکٹھے کرکٹ کھیلیں گے، آپ نے قوم اور قوم کے بچوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

