سندھ اور بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹے کے لیے بند

سندھ اور بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹے کے لیے بند کیے جائیں گے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے سندھ اور بلوچستان کے تمام سی این جی اسٹیشنز کو اتوار 28 نومبر صبح 8 بجے سے پیر 29 نومبر صبح 8 بجے تک 24 گھنٹوں کے لیے گیس کی فراہمی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب موسم سرد ہوتے ہی ملک بھر میں گیس کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں گیس کا بحران کم نہیں ہو سکا، کہیں گیس غائب ہے تو کہیں پریشر میں کمی کی شکایات سامنے آرہی ہیں۔
صوبائی دارالحکومت پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع میں گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
پشاور سمیت دیگر اضلاع میں گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کے معاملے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نوٹس لے لیا ہے، وزیراعلی نے جی ایم ، ایس این جی پی ایل کو اپنے دفتر میں فوری طلب کر لیا ہے۔
وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ صوبے اور بالخصوص پشاور میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
وزیر اعلی نے ہدایت جاری کی کہ گھریلو صارفین کو درپیش گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ جلد سے جلد حل کیا جائے اور اگلے 48 گھنٹوں میں صورتحال میں نمایاں بہتری لاکر رپورٹ پیش کی جائے۔
محمود خان نے کہا کہ رواں سردیوں میں صوبے کے گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا، صوبے میں گیس کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔
ایس این جی پی ایل حکام نے وزیر اعلی کو پشاور سمیت دیگر اضلاع میں گیس کے کم پریشر کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ اگلے دو دنوں میں گیس کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں گیس کے لو پریشر کا مسئلہ درپیش ہے وہاں پر بڑے قطر کے پائپ بچھائے جا رہے ہیں، گیس کے کم پریشر سے متعلق صارفین کی شکایت کے فوری ازالے کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

