برکینا فاسو میں کانوائے پر حملہ، 41 افراد ہلاک

افریقی ملک برکینا فاسو میں باغیوں کے حملے میں عام شہریوں سمیت حکومت نواز ملیشیا کے درجنوں اہل کار ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خانہ جنگی اور مسلح تصادم کے شکار مغربی افریقی ملک برکینا فاسو میں ایک بار پھر پُر تشدد کارروائی کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردی کا یہ واقعہ برکینا فاسو کے پرتشدد کارروائیوں کے شمالی گڑھ میں پیش آیا ہے۔
اس حملے میں فوج کی حمایت کے لیے بنائی گئی حکومت نواز ڈیفینس آف دی مدر لینڈ ( وی ڈی پی) کے رضا کاروں کو نشانہ بنایا گیا جنہیں سیلف ڈیفینس فورس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے مالی کی سرحد کے قریب واقع قصبے Ouahigouya کے نزدیک وی ڈی پی کی حفاظت میں جانے والے تاجروں کے قافلے کو نشانہ بنایا۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق باغیوں کے اس حملے میں سیلف ڈیفینس فورس کے سربراہ لیڈجی یورو بھی ہلاک ہوئے ہیں، جب کہ مزید افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ افریقا میں مسلح گروپوں کی جانب سے مذہبی اور نسلی بنیاد پر کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مالی، برکینا فاسو اور نائیجر میں رہنے والی کمیونیٹیز سب سے زیادہ متاثر ہورہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل وسط نومبر میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے میں تین پولیس اہل کاروں سمیت 57 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
برکینا فاسو کی ناقص ہتھیاروں سے لیس حکومت تشدد کی اس لہر کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ سال حکومت کی مدد کے لیے وی ڈی پی کے نام سے رضا کار ملیشیا تشکیل دی گئی تھی۔
برکینا فاسو میں حکومت اور باغیوں کے درمیان جاری اس لڑائی میں اب تک 2 ہزار افراد ہلاک اور 14لاکھ سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News