امریکی صدر جان ایف کینیڈی کا قتل کیسے ہوا؟ نئی خفیہ دستاویزات سامنے آگئیں

امریکا کے 35ویں صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کے حوالے سے امریکا نے نئی خفیہ دستاویزات جاری کردیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کے مطابق امریکی حکام نے سابق صدر جان ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق تقریبا ً ڈیڑھ ہزار صفحات پر مشتمل نئی خفیہ دستاویزات جاری کی ہیں۔
خیال رہے 22 نومبر 1963 کو امریکی ریاست ٹیکساس میں سابق صدر جان ایف کینیڈی کو قتل کردیا گیا تھا اور تفتیش میں بھی یہ ثابت ہوچکی ہے کہ ان کا قاتل لی ہاروے اوسوالڈ تھا لیکن اس حوالے سے آج بھی بحث جاری ہے کہ آیا امریکا کے 35ویں صدر کو ایک شخص نے ہی قتل کیا تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور منصوبہ تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی اور خفیہ ادارے سی آئی اے کی خفیہ دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ سابق صدر کے قاتل لی ہاروے اوسوالڈ کے قتل میں ملوث ہونے سے متعلق گہرائی میں جاکر تحقیقات کی گئی تھیں اور تمام ممکنہ پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے چھان بین کی تھی۔
خفیہ دستاویز میں بتایا گیا کہ امریکا کے خفیہ اداروں نے قاتل لی ہاروے اوسوالڈ سے روابط رکھنے والے تمام ممالک اور شخصیات کی جاسوسی کی جس میں کیوبا میں فیڈل کاسٹرو کی کمیونسٹ حکومت بھی شامل تھی تاہم اس کے باوجود چند سازشی نظریات رکھنے والے لوگ اس تحقیقات کو تسلیم نہیں کرتے اور وہ ہاروے اوسوالڈ کو تنہا سابق صدر کا قاتل تسلیم نہیں کرتے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے سازشی عناصر کا یہ ماننا ہے کہ ہاروے اوسوالڈ کو استعمال کرکے ایف بی آئی یا سی آئی اے کے ذریعے جان ایف کینیڈی کو قتل کروایا گیا۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل پر تحقیق کرنے والے نامور صحافی فلپ شینن کا دعویٰ ہے کہ حکومت نے ابھی بھی تقریباً 15 ہزار فائلوں کو خفیہ رکھا ہوا ہے اور زیادہ تر فائلیں سی آئی اے اور ایف بی آئی کی ہیں۔
واضح رہے امریکی صدر جان ایف کینیڈی کو 22 نومبر 1963 کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا اور ایک گھنٹے کے اندر ہی ڈیلس کے پولیس اہلکار جے ڈی ٹِپٹ کو بھی قتل کر دیا گیا اور پھر چند ہی گھنٹوں میں قاتل لی ہاروی اوسوالڈ کو گرفتار کرکے اس پر جان ایف کینیڈی اور جے ڈی ٹپٹ کے قتل کا الزام عائد کر دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

