مِنی بجٹ تیار ہوچکا، حکومت جب کہے گی پیش کردیں گے: چئیرمین ایف بی آر

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے چیئرمین ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ مِنی بجٹ تیار ہوچکا ہے حکومت جب کہے گی پیش کردیں گے۔
ڈاکٹر اشفاق احمد نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس کی جو چھوٹ ہے منی بجٹ میں اسے واپس لیا جارہا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ نئے بجٹ میں لگژری اشیاء کی درآمدات پر ٹیکس لگائے جائیں گے۔
چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے مزید بتایا کہ بجٹ میں درآمدی گاڑیوں پر اضافی ٹیکس کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی۔
قبل ازیں، وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا تھا مِنی بجٹ میں عام آدمی کے استعمال کی چیزیں مہنگی نہیں کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ حکومت نے ایک ارب ڈالر سے زائد قرض کے حصول کے لیے آئی ایم ایف سے کئے وعدوں پر عملدرآمد کے لیے منی بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جو ترمیمی فنانس بل کی شکل میں کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، اور پھر کابینہ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔
بول نیوز کے مطابق مجوزہ ترمیمی بل میں برآمدات کے علاوہ زیرو ریٹنگ سے بھی سیلز ٹیکس چھوٹ واپس لئے جانے کا امکان ہے۔ جن اشیاء پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ زائد ہے ان پر اسٹینڈرڈ سیلز ٹیکس ریٹ 17 فیصد لاگو ہوگا، اس کے علاوہ مخصوص شعبوں کو حاصل ٹیکس چھوٹ کو بھی ختم کئے جانے کا امکان ہے۔
مجوزہ ترمیمی بل میں رواں مالی سال کے لئے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 6100 ارب روپے مقرر کرنے کا تجویز ہے، تاہم پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی وصولی کا ہدف 356 ارب روپے مقرر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ترقیاتی بجٹ میں 200 ارب روپے کمی کرنے کی تجویز بھی ترمیمی بل کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

