سندھ میں جعلی ڈومیسائل پر ملازمتیں دے کر لاکھوں نوجوانوں کا حق مارا گیا، کنور نوید جمیل

کنور نوید جمیل نے کہا کہ سندھ میں جعلی ڈومیسائل پر ملازمتیں دے کر لاکھوں نوجوانوں کا حق مارا گیا ہے۔
حیدرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر کنورنوید جمیل نے بلدیاتی بل کے خلاف احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کی بدنصیبی ہے کہ لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیا اور وطن بننے کے بعد پیسہ دے کر چلا رہے ہیں۔
کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ملازمین جو شہر کو صاف رکھتے ہیں تنخواہوں سے محروم ہیں اور تنخواہوں کے بغیرگھروں کی کفالت کیسے ہوگی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر نے کہا کہ متعصب صوبائی حکومت چارسوارب ٹیکسوں کی مد میں جمع کرتی ہے اور یہ وفاقی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے صوبائی حصے کے علاوہ ہیں جب کہ صوبائی حکومت حیدرآباد کے مسائل حل کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
کنورنوید جمیل کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں کچرے کے ڈھیرلگے ہیں،فلٹرپلانٹ بند پڑے ہوئے ہیں، کھیل کے میدان ، پارک اجاڑ ہیں جن اداروں کے پاس مسائل حل کرنے کے وسائل تھے وہ تمام متصب حکومت تحویل میں لے چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنانے کے لیے ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیں، کنور نوید جمیل
انہوں نے کہا کہ بلدیہ کے ذریعے اسکولوں ، اسپتالوں سمیت سہولت دینے والے اداروں کو تحویل میں لے رہی ہے، صوبائی حکومت اس لئے ان اداروں کوتحویل میں لے رہی ہے تاکہ شہری علاقوں کے مسائل حل نہ ہوسکیں یا ملازمت نہ مل سکے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنونیئر نے مزید کہا کہ ہماری داد رسی کرنے والا کوئی ادارہ نہیں ہے، ہماری انصاف کی فریادیں عدالتوں میں پڑی ہیں جب کہ سندھ کے اداروں میں دوسرے زبان بولنے والوں کو ملازمت نہیں دی جارہی ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت کو آڑے لیتے ہوئے کہا کہ نسل پرست حکومت نے یہ طے کرلیا ہے کہ نہ حق دینا ہے نہ مسائل حل کرنے ہیں لیکن ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں غلاموں کی طرح زندگی گذرانی ہے یا حقوق کے لئے گھروں سے نکلنا ہے۔
کنور نوید جمیل نے کہا کہ انسانیت دشمن اقدامات کے خلاف آواز حق بلند کرنی ہے یا اسی طرح زندگی گذارنی ہے ، ہم نے فیصلہ کیا ہے زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر جگہ آواز بلند کی جائے گی اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ہم اپنا صوبہ بنائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

