جلد ضلع وسطی میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کا آپریشن شروع کریں گے، مرتضیٰ وہاب

ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جلد ہی ضلع وسطی کے گھر گھر سے بھی کچرا اٹھانے کا آپریشن شروع کریں گے۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب گلبائی شیر شاہ پہنچ گئے، کراچی کے تین اضلاع ،ضلع غربی، کیماڑی، اور ملیر کے مکینوں کے گھر گھر سے کچرا اٹھانے کی تقریب میں شرکت کی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ ضلع شرقی، ضلع کورنگی کے بعد اب ضلع غربی، کیماڑی اور ملیر کے گھر گھر سے کچرا اٹھایا جائے گا، ضلع غربی، کیماڑی اور ملیر کو کلین اینڈ گرین کرنے کے پروگرم پر عمل پیرا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی ضلع وسطی کے گھر گھر سے بھی کچرا اٹھانے کا آپریشن شروع کریں گے، جو وعدے کئے ہیں وہ وفا کر رہے ہیں، شہر میں کچرا ٹھکانے لگانے کے حوالے سے نیا نظام وضع کیا گیا ہے، پہلے کچرا کنڈیوں اور جی ٹی ایس سے کچرا اٹھایا جاتا تھا، اب کچرا گھروں سے براہ راست اٹھایا اور ٹھکاںے لگایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے پانچ اضلاع میں گھروں سے کچرا اٹھانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، ضلع غربی ، کیماڑی ، ملیر ، کورنگی اور شرقی میں گھروں سے کچرا اٹھایا جائے گا، ضلع غربی میں ساڑھے 6 سو سے زائد کچرا کنڈیاں ہیں، ضلع غربی اور کیماڑی کیلئے ساڑھے 3 سو کمپییکٹرز خریدے گئے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ ضلع غربی اور کیماڑی میں گھروں سے سو فیصد کچرا اٹھایا جائے گا، کچرا گھروں سے وصول کر کے کچرا کنڈیوں کے بجائے جی ٹی ایس اور لینڈ فل سائیٹ پہنچایا جائے گا، ان اقدامات کے نتیجے میں کچرا کنڈیاں بھی رفتہ رفتہ ختم کردی جائیں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

