آئی لِک: آپ کی بوریت دورکرنے والا ننھا روبوٹ

اگرآپ پالتوجانوروں سے پیار کرتے ہیں تو یہ بہت مشکل ہےکہ بلی یا کتے کو دفتر یا سفر میں کہیں لے جایا جائے۔ اس خلا کو پرکرنے کے لیے ہانگ کانگ کی ایک کمپنی نے”آئی لِک” تخلیق کیا ہے جو بہت پیارا اور ننھا منا روبوٹ ہے۔
اس کے بدن کے تین حصے ایسے ہیں جہاں سینسر لگے ہیں اور وہاں ہاتھ رکھنے سے روبوٹ اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتا ہے۔ اس کے پیٹ، پیٹھ اور سر کو سہلائیں تو یہ ہنسے جاتا ہے۔ اس کا اظہار خوبصورت ڈسپلے پر بھی کرتا رہتا ہے۔
اس کا سب سے خوبصورت پہلو یہ ہے کہ اسے دفتر کی میز پر رکھا جاسکتا ہے۔ دن میں کئی مرتبہ ہم بور ہوجاتے ہیں، تھک جاتے ہیں یا کام کے بوجھ سے اکتانے لگتے ہیں تو اس پالتو روبوٹ پر نظر جاتے ہی اس سے کھیلنے کو جی کرتا ہے۔ کیونکہ آپ کی ہر ایک ادا پر یہ اپنا ردِ عمل ضرور دیتا ہے۔
اگر اس کی کمرکو سہلایا جائے تو یہ اتنا ہنستا ہے کہ اس کی آنکھوں سے مجازی آنسو نکل پڑتے ہیں۔ اسی طرح آپ آئی لِک کو ستائیں گے تو یہ غصے میں آجائے گا، ہاتھ اٹھائے گا اور اپنے ڈسپلے پر گھن گھرج والے مناظر ظاہر کرے گا۔
ننھے روبوٹ کے سر کو زور سے دبایا جائے تو یہ رونے لگتا ہے اور بہت احتجاج بھی کرتا ہے۔ اگر آپ میز پر مکہ ماریں تو بھی اس کی آنکھوں میں تارے ناچنے لگتے ہیں۔ اگر آپ اسے ہاتھ میں اٹھا کر بلندی پر لے جائیں گے تو یہ آنکھیں بند کرکے مارے خوف کے کپکپانے لگ جاتا ہے۔
لیکن اس کی سب سے اہم بات اس میں ایک حد تک موجود مصنوعی ذہانت (اے آئی)کا نظام ہے جس سے یہ مسلسل سیکھتارہتا ہے۔ پھر دوسری جانب یہ آپ کے ردِ عمل سے بھی بہت کچھ سمجھتا رہتا ہے۔ اس روبوٹ پر آپ الارم ، اسٹاپ واچ اور دفتر میں کام کرنے کا حتمی وقت بھی سیٹ کرسکتے ہیں۔
لیکن یہ روبوٹ بہت مہنگا ہے جو اس سال مئی کے بعد فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کی قیمت 21 ہزار روپے ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

