ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، چیف سیکرٹری

چیف سیکرٹری
چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔
چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت محکمہ پی اینڈ ڈی میں اجلاس ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں محکموں کی نصف سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، تاخیر کی صورت میں متعلقہ محکمے کا سیکرٹری جوابدہ ہوگا، مختص فنڈز لیپس نہیں ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کا بروقت اور شفاف استعمال یقینی بنانے کیلئے تمام محکمے محنت سے کام کریں، چیف سیکرٹری نے فنڈز کے اجراء کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے طریقہء کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں میں فنڈز کے مسئلے یا کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں فوری آگاہ کیا جائے، ترقیاتی اسکیمیں تیار کرتے وقت صرف مفاد عامہ کو مدنظر رکھا جائے، اسکولوں، ہسپتالوں اور دیگر فلاحی منصوبوں کیلئے سرکاری اراضی کے حصول کیلئے محکمے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔
انہوں نے محکموں کو زیر التواء ورک آرڈر فوری جاری کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اپنے محکموں کی ترقیاتی اسکیموں کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔
چیئرمین پی اینڈ ڈی عبد اللہ خان سنبل نے اجلاس کو مختص فنڈز، ریلیز اور استعمال کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News