آر ایس ایس پر تنقید کرنا مسلمان رہنما کو مہنگا پڑگیا

بھارت
بھارتی پولیس نے فیس بک پر آر ایس ایس پر تنقید کرنے والے مسلمان رہنما کو گرفتارکرلیا۔
بھارتی ریاست کیرلا کی مقامی سیاسی تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے مسلمان رہنما عثمان حمید نے اپنے ایک بیان میں ہندو قوم پرست تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو تنقید کا نشانہ بنایا جس پر پولیس ایکشن میں آگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ریاست کیرلا کے ضلع اڈوکی کے علاقے کٹاپنا سے تعلق رکھنے والے 41 سالہ عثمان حمید کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔ عثمان پی ایف آئی کے مقامی رہنما اور پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے اڈوکی ڈسٹرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں۔
کٹاپنا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا کہ عثمان حمید پر دفعہ 153 اے (مذہب کی بنیاد پر گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور اسے 14 دنوں کے لیے سب جیل پیرمڈ بھیج دیا گیا۔
خیال رہے مسلم رہنما نے اپنے فیس بک پوسٹ میں آر ایس ایس اور دیگر انتہاپسند گروپوں پر ریاست میں فسادات کے پھیلاؤ کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر سخت تنقید کی تھی۔
عثمان حمید نے اپنی پوسٹ میں انٹیلی جنس کی ایک رپورٹ بھی شیئر کی جس میں مقامی حکومت کو یہ بتایا گیا تھا کہ آر ایس ایس ریاست کیرلا میں بڑے پیمانے پر فسادات برپا کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے آر ایس ایس کی شرپسندی کو روکنے اور ریاست میں امن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا نہیں کرتے تو پھر مسلمانوں کو اپنا دفاع خود ہی کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

