صارفین موبائل فون پر دن بھر میں اوسطاً 5 گھنٹے صرف کرتے ہیں، رپورٹ

اسمارٹ فون نے ہر انسان کو اپنا قیدی بنا لیا ہے۔ آپ چاہے کسی خوشی کی تقریب میں چلے جائیں یا غمی کی آپ کو وہاں موجود افراد کی اکثریت اسمارٹ فون کی دنیا میں مگن دکھائی دے گی۔
موبائل ایپلی کیشنز کی مانیٹرنگ کرنے والی کمپنی App Annie کی حالیہ تحقیق سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ہم میں اکثریت پورے دن میں اوسطاً 4 گھنٹے 48 منٹ موبائل پر صرف کرتے ہیں۔
اس تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ 2021 میں دنیا بھر میں موبائل ایپلیکیشنز کو 230 ارب بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا، جب کہ اس پر 170 ارب ڈالر خرچ کیے گئے۔
دنیا بھر میں ٹک ٹاک سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ ہونے والی ایپلی کیشن رہی اور اس پر صارفین نے گزشتہ سال کی نسبت 90 فیصد زائد خرچ کیا۔
App Annie کے چیف ایگزیکٹو افسر تھیوڈور کرانتز کا کہنا ہے کہ’ دنیا بھر میں بڑی اسکرین آہستہ آہستہ مر رہی ہے اور موبائل ہر کیٹیگری میں وقت گزارنے، ڈاؤن لوڈز اور ریونیو میں نئے ریکارڈ کر رہے ہیں۔ ‘
تھیوڈور کا کہنا ہے کہ ہماری پیش گوئی کے مطابق رواں سال کے وسط تک ٹک ٹاک کے ماہانہ ایکٹو صارفین کی تعداد ڈیڑھ ارب سے تجاوز کر جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے : موبائل صارفین نے 2021 میں سوشل میڈیا پر 53 ہزار گھنٹے ضائع کردیے
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موبائل ایپ پر دن بھر میں اوسطا وقت صرف کرنے کی شرح میں 2019 کی نسبت 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ تحقیق موبائل فون کی تین بڑی مارکیٹوں کی بنیا د پر کی گئی ہے جس میں بھارت، ترکی، امریکا، جاپان ، میکسیکو، جاپان، سنگاپور اور کینیڈا بھی شامل ہیں۔
جب کہ موبائل پر صرف ہونے والے ہر 10 منٹ میں سے 7 منٹ سوشل میڈیا اور فوٹو/ ویڈیو شیئرنگ ایپس پر صرف کیے جاتے ہیں۔
دسمبر 2021 میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں بھی اس بات کا انکشاف کیا گیا تھا دنیا بھر میں 16 سے 64 سال کی عمر کے افراد نے 2021 میں اوسطاً اپنی زندگی کے 52 ہزار 925 منٹس موبائل فون پر انسٹاگرام، فیس بک، ٹک ٹاک، واٹس ایپ، اسنیپ چیٹ، یوٹیوب اور اس نوعیت کی درجنوں ویب سائٹ اور ایپلی کیشنز پر اسکرولنگ کرنے میں گزار دیے ہیں۔
’گلوبل اسٹیٹ آف ڈیجیٹل 2021‘ کے نام سے شایع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 16 سے 64 سال کی عمر کے افراد نے اوسطاً 52 ہزار 925 منٹس سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز دیکھنے میں صرف کیے۔
رپورٹ مطابق ایک شخص دن بھر میں سوشل میڈیا پر اوسطاً 2 گھنٹے 25 منٹس صرف کرتا ہے جو کہ ایک ہفتے میں 16 گھنٹے 55 منٹس، ایک ماہ میں 3 دن 1 گھنٹہ 30 منٹ اور ایک سال میں 36 دن 18 گھنٹے اور5 منٹس بنتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News