بھارتی پیسر محمد سراج نے کرکٹ کی پہلی کمائی سے کیا خریدا ؟

غریب مسلم گھرانے میں پیدا ہونے والے بھارت کے تیز گیند باز محمد سراج نے اپنی پہلی کمائی سے آئی فون خریدا تھا۔
بھارتی پیسر محمد سراج کا سفر آسان نہیں تھا ، انہوں نے ایک غریب گھرانے میں آنکھیں کھولی، والد آٹو رکشہ چلاتے تھے، انہوں نے اس مقام تک پہنچنے کے لئے کافی جدوجہد اور سخت محنت کی۔
بین الاقوامی کرکٹ میں داخل ہوئے محمد سراج کو زیادہ عرصہ نہیں ہوا لیکن انہوں نے اپنی پرفارمنس نے بھارتی کرکٹ ٹیم میں اپنی جگہ بنائی، یہی وجہ ہے آج انڈین آئی پی ایل کی فرنچائز بھی ان پر دولت کی برسات کر رہی ہیں۔
محمد سراج کو 2017 میں حیدرآباد سن رائزرز نے 2.6 کروڑ روپے میں خریدا تھا ، جس کے چند ماہ بعد ہی انہیں ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کا موقع مل گیا۔
بھارتی پیسر 2018 سے ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجز بنگلور کا حصہ ہیں، جنہوں نے رواں سال کے آئی پی ایل سیزن 15 کے لئے 7 کروڑ روپے میں اپنی ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔
بھارتی تیز گیند باز محمد سراج نے اپنی آئی پی ایل ٹیم آر سی بی کی پروموشن میں حصہ لیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے 2017 میں آئی پی ایل کی پہلی کمائی سے آئی فون پلس 7 خریدا تھا، اور اس کے بعد ایک سیکنڈ ہینڈ کرولا کار خریدی تھی۔
محمد سراج نے کہا کہ سیکنڈ ہینڈ کرولا ضرورت تھی کیونکہ آئی پی ایل کے ہر کھلاڑی کے پاس گاڑی تھی، جبکہ میں اپنی پرانی موٹر سائیکل پر پریکٹس کرنے جاتا تھا۔
محمد سراج نے مزید کہا کہ مجھے گاڑی چلانا نہیں آتی تھی ، اس لئے وقتی طور پر میرے چچا زاد بھائی نے بحیثیت ڈرائیور میری گاڑی چلائی، مجھے جب بھی کہیں جانا ہوتا تھا میں اسے فون کرتا تھا۔
محمد سراج نے مزید انکشاف کیا کہ ان کی گاڑی میں اے سی نہیں تھا۔ اس لیے وہ کھڑکی کھول کر گاڑی میں بیٹھا کرتے تھے اور لوگ انہیں راستے میں پہچان لیتے تھے۔
انہوں نے گاڑی کے متعلق ایک کہانی بھی سنائی۔ سراج نے بتایا کہ ایک بار ہم ایک پروگرام میں گئے تھے، معمول کے مطابق گاڑی میں اے سی نہیں تھا، اس لیے میں کھڑکی کھول کر بیٹھا تھا، تب کچھ لوگوں نے مجھے پہچان لیا اور سراج-سراج کہہ کر خوشی کا اظہار کرنے لگے۔
بھارتی بالرنے کہا کہ ہماری مجبوری تھی کہ ہم گاڑی کا شیشا اوپر نہیں کر سکتے تھے کیونکہ گرمی بہت تھی۔ حالانکہ اگلے سال میں نے ایک مرسڈیز خرید لی تھی۔
پچھلے سال آر سی بی کے اس تیز گیند باز نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے پاس اب بھی پرانی والی موٹر سائیکل موجود ہے جس پر بیٹھ کر برسوں وہ کرکٹ پریکٹس کرنے جاتے تھے۔
محمد سراج اب تک آئی پی ایل کے 50 میچوں میں 50 وکٹیں لے چکے ہیں۔ وہ اب تک 12 ٹیسٹ کھیل چکے ہیں اور مجموعی طور پر 36 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 4 ٹی ٹوئنٹی میں 4 وکٹیں ان کے نام ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News