شاہ محمود قریشی کا چینی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا عوامی جمہوریہ چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اور عالمی برادری کی جانب سے افغان عوام کے لیے انسانی امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم کے کامیاب دورہ ء چین کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے متفقہ منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے سی پیک کے معیاری منصوبوں اور پاکستان میں صنعتی نقل مکانی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو یوکرین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر پاکستان کی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے متعلقہ کثیرالجہتی معاہدوں، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب وانگ یی کو یوکرین، پولینڈ، رومانیہ، ہنگری اور روسی وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ کے ساتھ ہونیوالے حالیہ رابطوں سے آگاہ کیا۔
ایندھن اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی چین میں خلل کے نتیجے میں ترقی پذیر ممالک کے لیے معاشی مضمرات میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر مبنی اصولی موقف کو برقرار رکھتے ہوئے اور ساتھ ہی ساتھ جائز سیکورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے کم کرنے اور حل کرنے پر زور دیا۔
امید ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات سفارتی حل تلاش کرنے کے ضمن میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News