وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی قازقستان کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آج اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر قازقستان کے وزیر خارجہ مختار تلیبردی سے دو طرفہ ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، معیشت، روابط کے فروغ ، سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قازقستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ایس سی او اور ای سی او جیسے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کیلئے ڈائریکٹ فلائیٹس کے اجراء پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان تشریف آوری اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت پر قازق ہم منصب کا شکریہ ادا کیا جبکہ وزیر خارجہ نے علاقائی امن و سلامتی میں قازقستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ نے تجارت اور عوامی رابطوں کو بڑھانے کے لیے پاکستانی بندرگاہوں سے مستفید ہونے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ وزیر خارجہ نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان موجود ادارہ جاتی میکانزم کو دوبارہ متحرک اور فعال بنانے پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ کے اس دورہ سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ پر اپنے ہم منصب کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں جانب سے اس موقع کو خوش اسلوبی کیساتھ منایا جائے گا۔
ملاقات میں قازق وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو پچھترویں یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

