علیم خان کا صوبائی وزراء اور ارکان سمیت ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان
پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے صوبائی وزراء اور ارکان سمیت ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر اجلاس منعقد ہوا جس میں علیم خان سمیت سینئر رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں 3 صوبائی وزراء سمیت 19 ارکان بھی شامل تھے۔
جہانگیر ترین کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد میں بہت سارے ساتھی عمران خان کے ساتھ تھے، ان میں جہانگیر ترین کا بہت بڑا کردار ہے۔
علیم خان نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہونے کیلئے جہانگیر ترین کے ممون ہیں، جہانگیر ترین علیل ہیں میں نے خود کہا تھا کہ یہ ملاقات ان کے گھر پر رکھیں، یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ انہیں بھولے نہیں کیوں کہ سیاست مشکل میں دوستوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے جبکہ عمران خان سب کےلئے قابل احترام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد جہانگیر ترین سے کام کیوں نہیں لیا گیا، اس سوال کا آج تک جواب نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاید حکومت بن جاتی ہے تو کچھ اور ہی لوگ ہوتے ہیں جو حکومت میں آجاتے ہیں اور جو پارٹی کے ساتھ مخلص ہوتے ہیں وہ پیچھے چلے جاتے ہیں، جنہوں نے خون پسینہ بہایا انہیں نظر انداز کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج پنجاب میں جو کچھ ہورہا ہے جس طرح کی حکمرانی ہے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو اور ووٹ دینے والوں کو تشویش ہے۔
علیم خان نے کہا پچھلے 4 دنوں میں 40 سے زیادہ ایم پی ایز سے مل چکا ہوں، آج بھی یہی خوشش ہے جتنے بھی تحریک انصاف کے گروپ ہیں ان سب کو اکٹھا کریں کیوں جو جدوجہد کی ہے وہ رائیگاں جائے تو افسوس ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا ہماری آخری وقت تک کوشش ہے پی ٹی آئی کو مضبوط کریں، متحد کریں، جہانگیر ترین نے اس پارٹی کے لئے بہت محنت کی ہے یہ سب کی پارٹی ہے،جتنے گروپ ہیں گزارش کرتا ہوں کے ہمارا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں سیٹ یا عہدے کے لئے شامل نہیں ہوئے تھے، مجھے وزیراعلیٰ بننے کی خواہش نہیں وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس جو مراعتیں ہیں میرے پاس اس سے زیادہ ہیں۔
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ اگر وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد آتی ہے تو مل کر فیصلہ کریں گے کس کا ساتھ دینا ہے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

