’عوام کی جان ومال کے تحفظ میں تساہل برتنے والے افسروں کو جواب دینا ہوگا‘

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ میں تساہل برتنے والے افسروں کو جواب دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے صوبہ بھر میں بھر پور مہم چلانے کا حکم دیا اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں، قتل، ڈکیتی، راہزنی اور دیگر جرائم کے سدباب کیلئے ٹھوس حکمت عملی بنائی جائے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال کا باقاعدگی سے خود جائزہ لے رہا ہوں، عوام کی جان و مال کے تحفظ میں تساہل برتنے والے افسروں کو جواب دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ کارکردگی کا مظاہر کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، امن وامان کے حوالے سے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں اور پولیس کسی سیاسی دباؤ کو خاطر میں رکھے بغیر فرائص سرانجام دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسران عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنے دروازے کھلے رکھیں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی کے تحت کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبے میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
واضح رہے کہ اجلاس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News