’ذوالفقاربھٹو نے دنیا کو بتایا کہ عوام کا لیڈر موت کو بھی شان سے قبول کرسکتا ہے‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے دنیا کو بتایا کہ عوام کا لیڈر موت کو بھی شان سے قبول کرسکتا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے 43 ویں یومِ شہادت پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائد عوام ذوالفقار بھٹو شہید کے فلسفے اور افکار پر سختی سے پابند ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم و پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 1973ع کے آئین کی حفاظت اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں ہمیشہ کی طرح قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی، اس اصول کی طاقت کا سرچشمہ عوام ہے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے عوام کو شعور دیا اور متفقہ آئین دے کر ریاست کو مضبوط بنایا، قائدِ عوام نے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملک کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اپنی ذات، مفادات اور خطرات کو بھول کر صرف اور صرف قوم کی سربلندی کے لئے سوچنے اور عملی اقدامات اٹھانے کا نام ذوالفقار علی بھٹو ہے۔
انکا کہنا ہے کہ یہ قائدِ عوام کی عظمت کا ثبوت ہے کہ ان کے بدترین مخالفوں کو بھی عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے ان کے نام کے پیچھے چھپنا پڑتا ہے، یہ قائدِ عوام تھے، جنہوں نے تختہ دار پر چڑھ کر دنیا کو ایک پیغام دیا۔
پی پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے دنیا کو بتایا کہ عوام کا لیڈر موت کو بھی شان سے تو قبول کرسکتا ہے، لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی آئین، جمہوریت اور ملک کی حفاظت کرتی رہے گی، اور ان کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

