پاکستان کا مائیکل جیکسن، 6 سالہ سبحان کا بریک ڈانس دنیا بھر میں مشہور ہوگیا

بلوچستان کے 6 سالہ بچے سبحان سہیل کا بریک ڈانس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جس نے پوری دنیا میں دھوم مچادی ہے۔
بلوچستان کے ضلع کیچ کے رہائشی سبحان سہیل نے 6 سال کی عمر میں اپنی والدہ کے فون میں مائیکل جیکسن کی ویڈیو دیکھی اور ان کی طرح بریک ڈانسر بننے کا فیصلہ کیا۔
سبحان نے بغیر کسی تربیت و رہنمائی کے یہ ڈانس سیکھا ہے، اس کی ٹیچر نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی جس کے بعد ننھے ڈانسر کی دھوم مچ گئی۔
سبحان سہیل کا کہنا ہے کہ جب لوگ مائیکل جیکسن کی طرح میرے ڈانس کی تعریف کرتے ہیں تو مجھے بہت خوشی ہوتی اور میرے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
سبحان نے بتایا کہ میں نے والدہ کے فون پر ویڈیوز دیکھ کر بریک ڈانس کرنا سیکھا اور ڈانس کی کلاس لیے بغیر اپنے گھر پر پریکٹس کرنا شروع کر دی۔
سبحان سہیل کا کہنا ہے کہ میں روز دو گھنٹے ڈانس کی پریکٹس کرتا ہوں اورعوام میں پرفارم کرنا ایک پسندیدہ مشغلہ بن گیا ہے، شروع میں ہچکچاہٹ ہوتی تھی لیکن میرے خاندان نے میرا ساتھ دیا اور مجھے اسکول اور خاندانی تقریبات میں پرفارم کرنے کی ہمت دی۔
سبحان کی والدہ نے کہا کہ بلوچستان میں ناچ گانے کو براسمجھا جاتا ہے اس لئے شروع میں ہمیں خاندان کی طرف سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا لیکن اپنے بیٹے کے شوق اور مہارت کو دیکھ کر ہمیں بہت خوشی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی مخالفت اور منفی رویے کے باوجود میں اب بھی چاہتی ہوں کہ وہ ڈانسنگ کو کیریئر کے طور پر اپنالے کیونکہ میرا بیٹا عالمی معیار کا ڈانسر بننا چاہتا ہے۔
سبحان کے والد نے کہا کہ میری خواہش ہے میرا بیٹا انجینئر بنے لیکن اس کے باوجود میں نے کبھی اس کے ڈانس کے شوق کی حوصلہ شکنی نہیں کی۔
واضح رہے کہ خوبصورت ڈانس کی وجہ سے سبحان سہیل دنیا بھر میں مقبول ہو گیا ہے ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

