منہ میں پیدا ہونے والی وہ علامات جو آپ کو ذیابیطس سے آگاہ کرے

جسمانی صحت کا تعلق منہ کی صحت وصفائی سے مشروط ہے اگر منہ اور دانتوں کی صفائی کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ کئی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے لیکن اس کے برعکس منہ اور دانتوں کے کچھ مسائل یا شکایات کسی بیماری کی علامت کو بھی ظاہر کرتی ہیں ان ہی میں ذیابیطس بھی شامل ہیں۔
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ ذیابیطس دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیلنے والا مرض ہے جس کا ابھی تک مکمل علاج دریافت نہیں ہوا ۔ یوں تو اس کی کئی اقسام ہیں، لیکن زیادہ تر لوگ ٹائپ ٹو کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں۔
یہ مرض کسی بھی عمر میں ہوسکتا ہے۔ ہر تین میں ایک شخص میں اس کی کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتی جس کی وجہ سے انہیں یہ احساس ہی نہیں ہوتا کہ انہیں ذیابیطس کا مرض لاحق ہوچکا ہے۔
ماہرین اس ضمن میں کچھ علامات کو اہم قرار دیتے ہیں ان میں پیاس کا زیادہ محسوس ہونا، معمول سے زیادہ پیشاب آنا، زخم کا ٹھیک نہ ہونا اور وزن کا تیزی سے کم ہونا شامل ہے۔
تاہم منہ میں بھی کچھ ایسی واضح نشانیاں ہیں جو آپ کو ذیابیطس کے بارے میں آگاہ کر سکتی ہیں۔
جیسے برش کرتے وقت مسوڑھوں سے خون بہنا، مسوڑھوں میں سوجن ہونا، مسوڑھوں کا سرخ ہوجانا، مسوڑھوں میں بیماری ہوجانا، دانتوں کو کمزورہوکر جگہ چھوڑدینا، سانس میں ناگوار مہک کا آنا اور منہ میں زخم کا ہونا یا زخم کا دیرسے مندمل ہونا شامل ہے۔
ذیابیطس کا علم نہ ہونے پر یہ علامات مزید شدت اختیار کر لیتی ہیں اور اگر آپ ذیابیطس کے مریض ہیں تو ضروری ہے کسی ماہر معالج سے ضرور رابطہ کریں اور دانتوں کا باقاعدہ معائنہ کراتے رہیں تاکہ اس مسئلے کو بڑھنے سے بچایا جاسکے۔
ذیابیطس کے مرض میں منہ میں کم لعاب بنتا ہے اور یہی لعاب دانتوں کو کئی بیماریوں سے تحفظ دیتا ہے لیکن یہ کم ہونے اور اس میں چینی کی مقدار زیادہ ہونے کی بنا پرمسوڑھوں میں زخم پیدا کر دیتا ہے۔ اسی لئے ذیابیطس کے مریض کو شوگر کو کنٹرول میں رکھنے اور منہ کی صحت کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

