ن لیگ نے کروڑوں پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے، چوہدری پرویزالہٰی

چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ ن لیگ نے کروڑوں پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے اسمبلی چیمبرز میں ملاقات کی جس میں ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، حسین الٰہی اور رکن پنجاب اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی نے شرکت کی۔
چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ 16 اپریل 2022 کا وزیراعلیٰ پنجاب کا الیکشن غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، اسے مسترد کرتے ہیں، ن لیگ نے کروڑوں پاکستانیوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممبران پنجاب اسمبلی اور ان کی لیڈرشپ کیلئے یہ لمحہ فکریہ ہے کہ پنجاب کے غریب عوام کی فلاح کیلئے کیا کیا گیا، کسی ممبر پنجاب اسمبلی کو مارنا یا سر پر سخت چوٹ پہنچانا، کیا کسی کا بھلا کرنا ہے؟ پنجاب کے عوام اور ممبران، سیاسی جماعتوں سے یہ سوال کرتے رہیں گے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ ایسے واقعات کے ذمہ داران کو معاف نہیں کرتی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ عمران خان کے جلسوں میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر غیر آئینی حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، پنجاب اسمبلی نے ساڑھے تین سال انتہائی کامیابی سے اپنی ورکنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے گزشتہ حکومت نے بہترین پالیسیاں وضع کی ہیں۔
برطانوی ہا ئی کمشنر نے اسپیکر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے کے لیے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ آپ نے خاص طور پر اقلیتوں کیلئے بے شمار اچھے کام کیے اور اصلاحات کیں، جس کا فائدہ تمام اقلیتوں کو ہوا ہے، اقلیتوں کے حوالے سے قوانین کی منظوری سے تمام مغربی ممالک اور یورپی یونین کے پارلیمنٹرینز کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

