محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے 30 جون سے کراچی سمیت مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک بھر میں گرمی سے بے حال شہریوں کے لیے خوشخبری سنادی۔ مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل رواں ہفتے ہی شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب اورخلیجی ممالک سے مرطوب ہوائیں 29 جون کوملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جو رواں ہفتے کے آخر میں ملک کے جنوبی علاقوں میں زیادہ شدت سے پھیل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ جمعے سے شروع ہونے کا امکان ہے جس کے پیش نظر کشمیر، بالائی پنجاب، جنوب مشرقی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا اور سندھ میں 5 جولائی تک تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ مون سون سسٹم کے ساتھ بحیرہ عرب سے نم ہوائیں بھی ملک پر اثر انداز ہوں گی، ملک کے شمالی حصے میں 30 جون سے بارشوں کا آغاز ہوگا ۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے مزید کہا کہ سندھ میں تھرپارکر، عمرکوٹ اور دیگر علاقوں میں یکم جولائی کی رات سے بارش ہوسکتی ہے، 2 جولائی کی شام یارات کراچی میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم ملک کے جنوبی حصے سندھ اور بلوچستان میں زائد بارشوں کا باعث بن سکتا ہے ، اس دوران 3 سے 4 دن اور کچھ علاقوں میں 5 دن تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

