کراچی سرکلر ریلوے پر حیرانی ہے کہ کیوں مکمل نہیں ہوا، خواجہ سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے پر حیرانی ہے کہ کیوں مکمل نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی، عامر خان اور امین الحق کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، ماضی میں سیاسی مخالفت بھی رہی ہے لیکن ہمارا تعلق کبھی ختم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں عامر خان کے تمام مطالبات کی توثیق کرتا ہوں، ایم کیو ایم کے دوست پڑھے لکھے اور سمارٹ ہیں ان سے بات منوانا آسان نہیں ہے یہ دلیل سے بات کرتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کی مشترکہ کمیٹی کا مطالبہ تسلیم کرتا ہوں، کراچی سرکلر ریلوے پر حیرانی ہے کہ کیوں مکمل نہیں ہوا، پاکستان ریلوے جس سے اپنی ٹرینیں نہیں چل رہیں وہ پاکستان ریلوے میٹرو ٹرین کیسے چلائے گی ؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑے ملکوں میں میٹرو ٹرین بلدیاتی ادارے چلاتے ہیں، کراچی سرکلر ریلوے سی پیک کا منصوبہ تھا، یہ منصوبہ دوبارہ سی پیک میں ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین میں کراچی سرکلر ریلوے اولین پوائنٹ ہوگا، کراچی سرکلر ریلوے انشاءاللہ بنے گا اس کو سی پیک میں ڈالیں گے، ایم کیو ایم صوبائی اور وفاقی حکومت مل کر سرکلر ریلوے کو مکمل کریں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کے سی آر پر وزیراعلیٰ سندھ سے بھی بات ہوئی ہے، ایم ایل ون کا فیز ون کراچی سے روہڑی تک بنائیں گے، ایم ایل ون کی قیمت 10 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حیدرآباد کا ائیر پورٹ بحال ہونا چاہیے، سکھر کا ایئرپورٹ بھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں تبدیل کریں گے، اس مختصر دور حکومت میں سکھر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کام شروع کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کا سندھ کے شہری علاقوں میں کوئی کلیش نہیں ہے، امید ہے کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ کا اتحاد دیرپا ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

