کالا جادو؟ لارڈز ٹیسٹ کے دوران جو روٹ کی عجیب ویڈیو وائرل

کون جانتا تھا کہ انگلش بیٹسمین جو روٹ پچ پر صرف اپنی بلے بازی سے ہی نہیں بلکہ اپنے بلے سے بھی جادو دکھا سکتے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے لارڈز ٹیسٹ کے دوران برطانوی بلے باز کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں کریز پر موجود جو کی جادوگری کو دیکھ کر لوگوں کے منہ کھلے رہ گئے کہ بھلا ایسا کس طرح ممکن ہے؟
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جو روٹ نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے ہیں، کیوی باؤلر جیمیسن بال ڈالنے کے لیے دوڑنا شروع کرتے ہیں، اور یہیں پر ایک لمحے کے لیے ایسا منظر آتا ہے کہ لوگ آنکھیں ملتے رہ گئے کہ کہیں یہ کوئی خواب تو نہیں۔
جیمیسن نے جیسے ہی باؤلنگ کے لیے دوڑنا شروع کیا، لوگوں کی نظر امپائر کے برابر میں بنا کسی سہارے کے کھڑے جو روٹ کے کرکٹ بیٹ پر پڑی، بیٹ بنا کسی سہارے کے سیدھا کھڑا تھا، لیکن جو نے فوراً ہی اسے ہاتھ میں اٹھا لیا۔
https://twitter.com/Ben_Howitt/status/1533397526975496192?s=20&t=A52WetyboZi_4P4ZJ-psyQ
سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین حیران بھی ہیں اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
کسی نے جو کو بہترین بیٹسمین ہونے کے ساتھ ساتھ جادوگر قرار دیا تو کوئی انہیں ماہر کرتب باز کہہ رہا ہے۔
خیال رہے کہ انگلینڈ لارڈز ٹیسٹ اپنے نام کر چکا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اس میچ میں شاندار سنچری بنائی۔
یہ سنچری نہ صرف انگلینڈ بلکہ جو روٹ کے لیے بھی کافی خاص ہے۔ جو روٹ نے اس اننگز میں 100 کا ہندسہ چھوتے ہی ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔
وہ انگلینڈ کے لیے 10 ہزار رنز بنانے والے دوسرے بلے باز ہیں۔ اس سے قبل الیسٹر کک یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
روٹ نے یہ کارنامہ اپنے 118ویں ٹیسٹ میچ میں انجام دیا۔ روٹ نے اس خاص ٹیسٹ میں اپنی 26ویں سنچری بھی بنائی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین 9000 رنز بنانے کا ریکارڈ جو روٹ کے پاس ہے۔ اب 10 ہزار رنز کا ہندسہ چھوتے ہوئے انہوں نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
جہاں وہ انگلینڈ کے لیے یہ ہندسہ عبور کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں تو وہیں وہ دنیا کے 14ویں بلے باز ہیں جنہوں نے ریڈ بال کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
ان کا شمار موجودہ دور کے بہترین ٹیسٹ کرکٹرز میں کیا جاتا ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی اننگز اس بات کی گواہ ہے کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ کے لیجنڈز میں کیوں شمار کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

