ہمارے بزرگوں نے خون دے کر ہمیں پاکستان کا تحفہ دیا، چوہدری پرویزالہٰی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ ہمارے بزرگوں نے خون دے کر ہمیں پاکستان کا تحفہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے عیدالاضحیٰ پر تہنیتی پیغامات دیتے ہوئے کہا کہ غریبوں، مسکینوں، بیواؤں اور یتیموں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔
چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ قوم کرپٹ حکومت کی تباہ کاریوں کی بھاری قیمت ادا کر رہی ہے، نازک صورتحال میں ملک کے تحفظ اور معیشت کو سنبھالنے کیلئے پاک فوج اور ادارے پیش پیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے خون دے کر ہمیں پاکستان کا تحفہ دیا اس لیے دل و جان سے اس کی حفاظت ہم پر فرض ہے، عید مناتے ہوئے مادرِوطن کیلئے عظیم قربانیاں دینے والے پاک فوج، پولیس اور دیگر اداروں کے جوانوں، افسروں اور کشمیری بھائیوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ہماری اگلی نسلوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ وطن کتنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا ہے، امپورٹڈ حکومت نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا اتنا تو کورونا بھی نہ پہنچا سکا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کا خون ایک روز ضرور رنگ لائے گا، خطے میں امن و امان اور ترقی کشمیر کی آزادی سے منسوب ہے۔
سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے کہا کہ مودی سرکار کشمیر میں خون بہاتے تھک جائے گی مگر پاکستان اور کشمیری اپنے مطالبے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ او آئی سی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے، بھارت ہٹ دھرمی چھوڑے اور مقبوضہ کشمیر میں اپنی ظالمانہ حرکات بند کرے۔
مونس الہٰی نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم سے نجات حاصل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

