کراچی میں طوفانی بارشیں: متعدد سڑکیں ٹریفک کیلئے مکمل بند

محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں دن بھرموسلادھاربارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں بارش کے باعث شہر کی مختلف سڑکیں ٹریفک کے لیے مکمل بند ہوگئی ہیں۔
کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل کے مختلف حصوں پر کئی فٹ پانی موجود ہے جب کہ کارساز اور ڈالمیا روڈ پر 2 سے 3 فٹ پانی جمع ہے۔
اس کے علاوہ لیاری ندی میں طغیانی کے بعد میرا ناکا اور اطراف کے روڈ مکمل ڈوب چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بارش برسانے والا مضبوط سسٹم کراچی کی جانب بڑھنے لگا
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شیر شاہ پراچہ چوک پر بھی پانی کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہے جب کہ کورنگی کازوے روڈ پر بھی پانی کا بہاؤ تیز ہے اور بلوچ کالونی پل کے قریب بھی کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق عیسیٰ نگری اور نیپا چورنگی پر بھی کئی فٹ پانی کھڑا ہے اور جوہر چورنگی ٹریفک کے لیے مکمل بند ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ پولیس کا عملہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہا ہے لہٰذا شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
مختلف علاقوں میں مسلسل بارش، ٹریفک کی روانی متاثر
بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی اور کئی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہوگئیں جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
کلفٹن سب میرین انڈر پاس اور کے پی ٹی انڈر پاس بھی بند کردیے گئے جبکہ لیاقت آباد سی ون ایریا میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
شدید بارش کے بعد ملیر ندی یار محمد گوٹھ میں پانی کا ریلہ داخل ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔
ملیر ندی لنک روڈ کو بھی پانی آنے کے باعث بند کردیا گيا ہے۔
کراچی: آج بارش کا سلسلہ کب تک جاری رہےگا؟
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کو بارش برسانے والے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، اس لیے مختلف علاقوں میں دن بھر موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
بحیرۂ عرب سے مسلسل بارش برسانے والے بادل شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں، ٹھٹھہ، بدین اور کیٹی بندر سے بادلوں کے آنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
شہر میں مزید 2 سے 3 گھنٹے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News