قاسم سوری کی ایف آئی اے طلبی کا معاملہ، درخواست پر فیصلہ محفوظ

قاسم سوری کی ایف آئی اے طلبی کے معاملے میں عدالت نے درخواست پرفیصلہ محفوظ کر لیا۔
بلوچستان ہائیکورٹ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے طلبی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس نعیم اخترافغان اور جسٹس سردار حلیمی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل رؤف عطا، قاسم سوری کے وکیل ایاز ظہورعدالت میں پیش ہوئے۔
ایاز ظہورایڈووکیٹ نے مؤقف پیش کیا کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو اختیار نہیں کہ وہ یوں کسی کو طلب کر سکے۔ پارٹی الیکشن رولز کے تحت یہ قابل عمل نہیں ہے۔
چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ گورنرخیبرپختون خوا تو پیش ہوئے پھرآپ کو کیا اعتراض ہے؟
وکیل قاسم سوری نے جواب دیا کہ مجھے ان کا نہیں پتا وہ کس حیثیت میں پیش ہوئے ہیں۔ اگر کوئی پیش ہوتا بھی ہے تو یہ اس کی مرضی ہم آپ سے اس پر انصاف کیلئے آئے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ نے دلائل دے دیے ہم نے سن لیے آپ کے کلائنٹ بھی مطمئن ہوگئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایف آئی اے کو اختیار ہے کہ وہ ممنوعہ فنڈنگ پر باز پرس کر سکتی ہے۔ فیڈرل ادارہ رقم کی آمد، خرچ، سمیت مختلف معاملات کا جائزہ لے سکتی ہے۔
رؤف عطا نے دلائل میں کہا کہ یہ دیکھنا لازمی ہے کہ آیا رقم منی لانڈرنگ، ایجنڈہ فکسنگ سمیت ممنوعہ اداروں نے تونہیں بجھوائی۔ نجی بینک کی ٹرانزکشن کو چیک کرنے کا بھی اختیار ادارہ کو ہے۔
عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

