آگلی کال پر پورا گلگت بلتستان اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا، خالد خورشید

صوبے میں ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خالد خورشید
خالد خورشید نےکہا ہے کہ آگلی کال پر پورا گلگت بلتستان اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اتحاد چوک گلگت کے مقام پر مرکزی احتجاجی اجتماع میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے شرکت کی اور اہم خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ چیئرمین عمران خان پر فائرنگ کی بزدلانہ کارروائی ملکی سالمیت پر حملہ ہے ، یہ 22 کروڑعوام پر حملہ ہے، ان شہیدوں پر حملہ جنہوں نے خون کی قربانی دے کر یہ ملک آزاد کرایا، یہ جمہوریت پر حملہ ہے، قوم کے روشن خواب پر حملہ ہے جبکہ یہ قوم کی امید پر حملہ ہے۔
کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ایسے گھناونے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست کریگا تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔
وزیراعلی نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے 13 جماعتی ٹولے کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، ان میں قاتل و مجرم بیٹھے ہوئے ہیں، یہ سب محفوظ ہیں لیکن قوم کی حقیقی آزادی کی تحریک چلانے والوں پر حملے ہورہے ہیں۔
یہ حملہ ملک کے 22 کروڑ عوام کو یتیم کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے، جو بھی طاقت اس کے پیچھے ان کو بخشا نہیں جائے گا۔
انشاء اللہ حقیقی آزادی کی تحریک دوبارہ شروع ہوگی، اس میں بھرپور طریقے سے شرکت کے لیے تیار رہیں، ہمیں ان طاقتوں سے ٹکرانا ہے جو ہماری قیادت ہم سے چھینا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پارٹی رہنماؤں و کارکنان کو ہدایت کی کہ قوم تاریخ کے مشکل ترین لمحے سے گزر رہی ہے، یہ لمحہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ کرنے والا ہے۔
وزیراعلی نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو ہدایت دی کہ پارٹی کے اگلے لائحہ عمل کا انتظار کریں، تمام آرگنائزنگ کمیٹیاں بھرپور طریقے سے تیاریاں جاری رکھیں، انشاء اللہ آگلی کال پر پورا گلگت بلتستان اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا۔
پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے صوبائی صدر پی ٹی آئی وزیراعلی خالد خورشید کی قیادت میں اگلے لائحہ عمل کے لئے ہر دم تیار رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ملکی سلامتی، چیئرمین عمران خان کی جلد مکمل صحت یابی و درازی عمر ، فائرنگ کے واقعے میں شہید ایم پی اے کے بلند درجات و دیگر زخمی افراد کی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی گئی۔
احتجاج میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے ہمراہ صوبائی وزراء، عوام، پی ٹی آئی رہنما و کارکنان کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اور واضح پیغام دیا کہ چیئرمین عمران خان پورے ملک کی طرح گلگت بلتستان کی بھی ریڈ لائن ہے۔
واضح رہے کہ وزیرآباد میں لانگ مارچ کے آغاز پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں وہ زخمی ہوگئے ہیں۔
فائرنگ کے نتیجہ میں سینیٹر فیصل جاوید اور پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد احمد چھٹہ سمیت 9 افراد بھی زخمی ہو گئے جبکہ وزیرآباد کے علاقہ آلہ آباد سپال کالونی کا رہائشی نوجوان معظم گوندل جاں بحق ہوگیا۔
زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال وزیرآباد سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو لاہور منتقل کیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کو عمران خان پر قاتلانہ حملہ قرار دیا گیا ہے اور اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان زخمی ہیں جب کہ عمران اسماعیل نے بتایا ہے کہ عمران خان پر اے کے 47 سے حملہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

