دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ضلع کرم میں شہید ہونے والے جوانوں کے ورثاء سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث دہشت گردوں کو ضلع کرم میں ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے جوانوں نے قوم کے لئے اپنی جان دی، ان کی قربانی فراموش نہیں ہونے دیں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے انتہا قربانیاں دی ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں؛ ضلع کرم میں فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ، 3 جوان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک
واضح رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قبائلی علاقے ضلع کرم کے جنرل ایریا اراولی میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسزکی جانب سے دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ، جوانوں نے بہادری اور موثر طریقے سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے صوبیدار شجاع محمد (عمر 43 سال سکنہ خیرپور)، نائیک محمد رمضان (عمر 32 سال سکنہ خضدار) اور سپاہی عبدالرحمان (عمر 30 سال سکنہ سکھر) نے شہادت کو گلے لگایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

