ایشیا کپ 2023 کا پاکستان میں انعقاد ممکن نہیں

ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کے حوالے ایشین کرکٹ کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس کل بحرین میں ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی درخواست پر بلائے گئے اس اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ ایشیا کپ 2023 پاکستان میں ہو گا یا کسی نیوٹرل مقام پر کھیلا جائے گا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے پہلے ہی کہا تھا کہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان میں نہیں ہو گی اور اسے غیر جانبدار مقام پر کھیلا جائے گا۔
جے شاہ نے مزید کہا تھا کہ اگر ایشیا کپ 2023 پاکستان میں منعقد کیا گیا تو بھارت کی ٹیم اس ایونٹ میں حصہ نہیں لے گی۔
پی سی بی کے سابق صدر رمیز راجہ نے جے شاہ کے اس بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرتا تو پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گا۔
اس لفاظی جنگ کا فیصلہ کل بحرین میں ہونے والے اجلاس میں ہو جائے گا، سب کی نظریں کل ہونے والے اجلاس پر ٹکی ہیں اور بڑی بے چینی سے ایشیا کپ کی میزبانی کے فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
یہ کہنا قبل از وقت نہیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ہٹ دھرمی اور ضد منوانے میں کامیاب ہو جائے گا، کیونکہ عالمی کرکٹ کے کئی ایسے اہم فیصلے ہیں جو بھارت نے دھونس اور زبردستی اپنے حق میں کیے ہیں۔
عالمی کرکٹ میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے کے لیے مشہور بھارتی کرکٹ بورڈ کسی طور بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستانی کو دینے کے حق میں نہیں ہے، اور کوشش کرے گا کہ کسی طریقے سے یہ ایونٹ پاکستان میں نہ ہونے پائے۔
نجم سیٹھی نہ جانے کس زعم میں مبتلا ہیں جو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ میں نے ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے سر توڑ کوششیں کیں ہیں.
حالانکہ وہ اس ایونٹ کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے ایک انٹرویو میں ہتھیار ڈال چکے ہیں اور کہا کہ وہ فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے، جبکہ ان کی جگہ رمیز راجہ نے نہایت واضح اور دو ٹوک پیغام بھارتی کرکٹ بورڈ کو دیا تھا۔
نجم سیٹھی بحرین پہنچ گئے ہیں اور کل ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے، اس اجلاس میں ہونا وہی ہے جو بھارتی کرکٹ بورڈ چاہے گا، نجم سیٹھی بس ایک رسمی کارروائی کے طور پر میٹنگ میں شریک ہوں گے۔
نجم سیٹھی کو ان کی چڑیا وقت سے پہلے بہت کچھ بتا دیتی ہے، ایشیا کپ کے حوالے سے بھی ان کی چڑیا نے سب کچھ بتا دیا ہو گا، بہتر یہی تھا کہ وہ پاکستانی قوم کو اعتماد میں لے کر بحرین جاتے، تاکہ قوم اس صدمے کو برداشت کرنے کی متحمل ہو جاتی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے کل ہونے والے اجلاس میں اے سی سی کے تمام ممبران شریک ہوں گے، دل پر ہاتھ رکھ کر آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس کونسل میں کوئی ایسا ممبر نہیں ہے جو بھارتی موقف کے خلاف پاکستان کی حمایت کرے۔
خود نجم سیٹھی بھی اس حوالے سے بھارت کے ساتھ نرم گوشہ رکھتے ہیں، انہوں نے کرکٹ اور سیاست الگ الگ کرنے کے نام پر ماضی میں بھارتی موقف کو پانی پلایا ہے۔
کل کی میٹنگ کے بعد جب فیصلہ پاکستان کے خلاف ہو گا تو ہم دیکھیں گے کہ نجم سیٹھی قوم کو بتائیں گے کہ اگر ایشیا کپ پاکستان میں کھیلا جاتا اور بھارت اس میں حصہ نہ لیتا تو ہمیں کتنا نقصان ہوتا، وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایک دیو یا جن کے طور پر پیش کریں گے تاکہ قوم ڈر کے مارے اس فیصلے پر اپنا سر تسلیم خم کر دے۔
پاکستان اور پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارت کی کارروائیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، لیکن رمیز راجہ نے جس انداز میں بھارتی کرکٹ بورڈ کو للکارا تھا ایسی ہمت نجم سیٹھی میں نہیں ہے۔
رمیز راجہ خوش قسمت ہیں کہ وہ اب کھل کر کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے اپنے دور میں بھارتی کرکٹ بورڈ کو آنکھیں دکھائی تھیں، حالانکہ انہیں بھی پتہ تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی چھیننے میں کامیاب ہو جائے گا، بہرحال ایک بات تو طے ہے کہ انہوں نے کم از کم آنکھیں تو ضرور دکھائیں۔
غالب امکان یہی ہے کہ کل نجم سیٹھی کی جانب سے جو بیان جاری ہو گا وہ پاکستان کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں ہو گا، اور ہمیشہ کی طرح بھارت اپنے مذموم مقاصد میں اس بار بھی کامیاب ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News