وزیراعظم کا ترک صدر سے رابطہ، 8 فروری کو ترکیہ جانے کا فیصلہ

وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو کیے گئے ٹیلی فونک رابطے میں کہا گیا کہ وہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسردہ ہیں، غم زدہ خاندانوں سے دلی ہم دردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی کی شدت بڑھ رہی ہے، قدرتی آفات اور موسمیاتی تباہی کسی سرحد، خطے اور مخصوص قوم تک محدود نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کی مغفرت، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستانی ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور ریسکیو اہلکاروں پر مبنی خصوصی ٹیمیں ترکیہ میں جاری ریسکیو اور مدد کے کاموں میں ہاتھ بٹانے کیلئے بھیجی جا رہی ہیں، بہت جلد ایک ہوائی جہاز بھی اشیاءِ ضروریہ اور ادویات لے کر ترکیہ رانہ کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم کا فوری ترکی جانے کا فیصلہ
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر ترکیہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم 8 فروری کو ترکیہ جائیں گے، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم دورہ ترکیہ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وزیراعظم ترک عوام سے اظہار ہمدردی کے لئے دورہ ترکیہ کر رہے ہیں، وزیراعظم کی ترک صدر سے انقرہ میں ملاقات ہوگی۔
واضح رہے کہ شدید زلزلے کے باعث ترکیہ اور شام میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی 6000 سے تجاوز کرچکی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News