ملک میں معاشی بحران؛ وزیراعظم کی کفایت شعاری کمیٹی نے بڑی سفارش کردی

ملک میں معاشی بحران کے پیش نظر وزیراعظم کی کفایت شعاری کمیٹی نے بیرون ملک سفارتخانے کم کرنے کی سفارش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی کفایت شعاری کمیٹی نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کی تعداد کم کرنے کی سفارش کی، وزیراعظم ہاؤس نے دو ہفتوں میں وزارت خارجہ سے منصوبہ مانگ لیا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہےکہ پلان مانگنے کے لئے وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا گیا ہے،خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفارتخانوں کا خرچہ پندرہ فیصد کم کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق اخراجات کم کرنے کے لئے چند سفارتخانوں کو بند، افسران اور اسٹاف کی تعیاناتیوں کی تعداد کم کرنے کی بھی سفارش کر دی گئی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اس وقت دنیا بھر میں کل 113 سفارتخانے اور قونصل خانے ہیں، وزارت خارجہ اپنی کیڈر نمبر سے ویسے ہی کم افرادی قوت پر کام کر رہی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارت خارجہ پہلے ہی افرادی قوت کی کمی کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، حکومتی فیصلے سے وزارت خارجہ کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے عملے و حکام کی تعداد پاکستانی وزارت خارجہ سے کئی گنا زیادہ ہے، کم تعداد کے باعٹ پہلے ہی کئی بیرون ممالک مشنز پر وزارت خارجہ کو دشواریوں کا سامنا ہے۔
سفارتی ذرائع کا مزید کہنا ہےکہ موجودہ معاشی صورتحال میں پہلے ہی بیرون ممالک سفارتی مشنز کو تنخواہوں و فنڈز کی کمی کا شدید مسئلہ درپیش ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News