مجھے بول سے کچھ اینکرز کو نہ نکالنے کی سزا دی جارہی ہے، شعیب شیخ

شعیب شیخ
بول نیوز کے شریک چیئرمین شعیب احمد شیخ کا کہنا ہے کہ مجھے شاید اس لیے گرفتار کیا گیا کہ بول پر عمران خان کی خبریں چل رہی ہیں۔
بول نیوز کے شریک چیئرمین شعیب احمد شیخ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے کہا کہ 5 سال قبل ایک بریگیڈیئر پر رشوت دینے اور جج پر رشوت لینے کا الزام لگا، ایف آئی اے نے خود تسلیم کیا کہ بریگیڈیئر نے رشوت نہیں دی، ایف آئی اے نے اپنی ایف آئی آر میں بریگیڈیر کو نامزد نہیں کیا۔
شعیب احمد شیخ کا کہنا تھا کہ جج نے ایف آئی اے کے سامنے رشوت لینے سے انکار کیا، جج نے ہائی کورٹ کے شوکاز نوٹس کے جواب میں بھی رشوت لینے کے الزام سے انکار کیا، ایف آئی اے اس معاملے پر 5 سال قبل ہی تحقیقات کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے جج صاحب کے اثاثوں اور جائیدادوں کا مکمل جائزہ لیا، ایف آئی اے نے جج کی ٹرانزیکشز کا بھی ریکارڈ حاصل کیا، ایف آئی اے نے جج کی ٹریولنگ ہسٹری کا بھی جائزہ لیا، 5 سال قبل جب کچھ نہ ملا تو ایف آئی اے نے تحقیقات بند کر دیں۔
شعیب شیخ نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی بول نشانہ بننا شروع ہوا، بول کی پالیسیز کی وجہ سے حکومت بول سے ناراض ہے، ایف آئی اے نے مجھے لیٹر لکھا تو میں نے لیٹر کا جواب دیا، مجھے شاید اس لیے گرفتار کیا گیا کہ بول پر عمران خان کی خبریں چل رہی ہیں، شعیب شیخ
انہوں نے کہا کہ مجھے بول سے کچھ اینکرز کو نہ نکالنے کی سزا دی جارہی ہے، عدلیہ کے خلاف کھڑے نہ ہونے پر بول کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، کوئی اپنی بھڑاس نکالنے کے لیے میرے ساتھ غیر انسانی سلوک کررہا ہے، مجھ پر تشدد کی انتہا کی گئی، میں نے تشدد کرنے والوں سے پوچھا کہ ایسا تشدد مجھ سے پہلے بھی کسی پر کیا۔
شریک چیئرمین بول نیوز کا کہنا تھا کہ میری طبیعت خراب ہونے پر اسپتال سے ٹیم آئی، مجھے یہ کہہ کر اسپتال ایڈمٹ نہ کرایا گیا کہ ہم پر انگلیاں اٹھیں گی، خود پر تشدد کے متعلق کبھی بات کرنا پڑی تو قوم کو بتاوں گا، طاقت کا استعمال کرنا مضحکہ خیز ہے، طاقتیں تو ان کی ہیں، مگر خدا ہمارا ہے۔
شعیب احمد شیخ نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے مکالمہ کیا کہ میری آپ سے استدعا ہے کہ آپ آج حق و انصاف کی مثال قائم کریں، میری گزارش ہے کہ اس جھوٹے کیس کو ختم کردیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News