آئی ٹی سیکٹر میں نوجوان معاشی ایٹم بم ہے، احسن اقبال

سی پیک سے جڑ کر پورا خطہ فائدہ اٹھا سکتا ہے،احسن اقبال
احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر میں نوجوان معاشی ایٹم بم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری میں سہولت کاری کی خصوصی کونسل کی اپیکس کمیٹی کا وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اپیکس کمیٹی میں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے یہ کونسل تشکیل دی۔ پاکستان میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا حجم ڈیڑھ ارب ڈالر ہے، غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری سے ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان میں اٹھائیس ارب تک کی سرمایہ کاری لانے کا آلہ کار بنا۔ سی پیک نے وہ بنیاد مہیا کی جس کے اوپر کامیاب معیشت کی عمارت کھڑی کر سکتے ہیں اور اب دوبارہ عالمی دنیا کا پاکستان پراعتماد قائم ہو رہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں،اب پاکستان کے پاس دوبارہ ٹیک آف کا موقع آیا ہے۔بیرونی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت میں تمام سہولت دی جائے گی اور اس منصوبے کے تحت پانچ شعبے کا تعین کیا گیا ہے، زراعت میں ماڈرن فارم اور ٹیکنالوجی لانے کے لئے سرمایہ کاری کو لائیں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آرمی کے اداروں نے لینڈ انفارمیشن ینیجمنٹ سسٹم بنایا ہے اس سے مدد لیں گے، وزیر اعظم سات جولائی کو زرعی انفارمیشن مینیجمنٹ سسٹم کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ انرجی کو فاسل فیول پر لے کر جائیں، آئی ٹی سیکٹر میں نوجوان معاشی ایٹم بم ہے۔نوجوان پاکستان کو انفارمیشن پاور بنا سکتے ہیں لہذا آئی ٹی سیکٹر میں ایکسپورٹ بڑھانے پر توجہ دیں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہم امداد کی بجائے سرمایہ کاری کی طرف دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو لے کر جائیں گے۔الیکشن کے بعد آنے والی حکومت سے سرمایہ کار کا اعتماد بھی بحال ہوگا، امید ہے کہ پاکستان کی عوام مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News