حجاج کی جامع تربیت اور جسمانی فٹنس کو یقینی بنانے پر کام کیا جائے گا، انیق احمد

انیق احمد نے کہا ہے کہ حجاج کی جامع تربیت اور جسمانی فٹنس کو یقینی بنانے پر کام کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور انیق احمد کی زیر صدار ت حج ڈی بریفنگ سیشن جمعرات کے روز وزارت کے کمیٹی روم میں منعقد کیا گیا۔
اجلاس میں حجاج اور سامان کی کیو آر کوڈ کے ذریعے ٹریکنگ، شارٹ حج پیکیج کے اجراء اور حجاج کو موبائل ڈیٹا کی فراہمی سمیت متعدد نئے اقدامات زیر غور آئے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ آج ہم یہاں پر اپنے حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئےاکھٹے ہوئے ہیں، بڑا دعوی نہیں لیکن حجاج کی سہولت کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنے تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔
انہوں نے یہ بی کہا کہ آئندہ حج پر حجاج کی جامع تربیت، نظم و ضبط اور جسمانی فٹنس کو یقینی بنانے پر کام کیا جائے گا،غلط اور جھوٹے حج فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری حج سکیم میں شارٹ اور لانگ حج پیکج متعارف کرانے کی کوشش کر رہے ہیں، سامان گمشدگی کی شکایت کم کرنے کیلئے کیوآر کوڈ متعارف کروایا جائے گا۔
وزیر مذہبی امور کا یہ بھی کہنا تھا کہ حجاج کی سہولیات کو حتمی شکل دینے کیلئے عنقریب سعودی عرب روانہ ہونگا، سعودی عرب میں رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ سہولیات کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
انیق احمد نے کہا کہ سعودی عرب میں حجاج کیلئے سستے کالنگ اور ڈیٹا پیکیج کیلئے پاکستانی موبائل کمپنیوں سے تجاویز لی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے تمام حاجی کیمپوں کے ڈائریکٹرز کو حجاج کی بہترین سہولت کیلئے حاجی کیمپوں میں مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی ، ڈی جی حج جدہ، حج ونگ کے افسران، ایئرلائنز، بینک، ڈائریکٹرز حاجی کیمپ، حج گروپ آرگنائزرز کے نمائندے شریک تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News