القاسم بریگیڈز کا 48 گھنٹوں کے دوران 40 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کا اعلان

7 اکتوبر کو اسرائیل پر راکٹوں سے حملہ کرنے والی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 40 اسرائیلی فوجی اہلکاروں کو ہلاک کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ اُنہوں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 40 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور 44 فوجی ٹینکوں کو تباہ کیا۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران، ہم نے غزہ میں اسرائیل کے 44 ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کیا جس کے نتیجے میں 40 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے اور ان حملوں کے نتیجے میں درجنوں اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے ٹیلی گرام اکاوْنٹ پر اسرائیلی فوجیوں پر کیے جانے والے حماس کے حملوں کی ویڈیو بھی جاری کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں حماس سے جھڑپ کے دوران سابق اسرائیلی آرمی چیف گاڈی آئزن کوٹ کے بیٹے گال آئزن کوٹ اور ان کے بھیتجے سمیت ایک میجر بھی ہلاک ہوچکا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی محکمہ دفاع کی سربراہ نے 2 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجیوں کے معذور ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کئی فوجی شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اور آگے چل کر ان کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے جب کہ کئی فوجیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی وزارت دفاع کی سربراہ نے کہا کہ ہمارے کئی فوجیوں کو شدید اندرونی زخم آئے ہیں جس کی وجہ سے اُن کے اعضا شدید متاثر ہوئے ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد فوجیوں کے ہاتھ اور پاوْں بھی کاٹنے پڑے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جس میں نصف سے زائد تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس کے علاوہ زخمیوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
اسرائیلی برّی فوج نے اکتوبر کے آخر میں غزہ میں داخل ہوکر زمینی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا اور تاحال حماس کے ہاتھوں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد 97 ہوچکی ہے۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News