سعودی موٹر سائیکل اسٹنٹ رائیڈر نے برف پر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

سعودی اسٹنٹ رائیڈر محمد ابراہیم اسکاچ نے برف پر موٹر سائیکل چلانے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی اسٹنٹ رائیڈر محمد ابراہیم نے کاواساکی زیڈ ایکس 6 آر کے ایک پہیے پر سوار ہو کر ایک منٹ میں 14 سرکل مکمل کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ 2023 ایڈیشن میں اپنا نام درج کرا دیا۔
39 سالہ اسکاچ نے عرب میڈیا کو بتایا کہ وہ جدہ کے ایک آئس ہال میں ہونے والی ریکارڈ کوشش کے لیے تقریبا دو سال سے تیاری کر رہے تھے۔
ریکارڈ ہولڈر محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ مجھے یہ نیا ریکارڈ حاصل کرنے پر فخر ہے کیونکہ اس میں میرے ملک سعودی عرب کا نام ہے۔ میں نے یہ ریکارڈ نہیں توڑا، لیکن میں نے ایک نیا عالمی ریکارڈ حاصل کیا جو اس سے پہلے کسی نے نہیں کیا تھا۔
سعودی موٹر سائیکلسٹ نے کہا کہ 2022 میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کے عہدیداروں کے ساتھ تحقیق اور بات چیت کے بعد انہوں نے مجھے بتایا کہ دنیا میں کسی نے بھی یہ ریکارڈ حاصل نہیں کیا ہے، اس لیے میں نے ایسا کرنے کا فیصلہ کیا۔
محمد ابراہیم اسکاچ کے مطابق جب مجھے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے باضابطہ ای میل موصول ہوئی جس میں مجھے نیا ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بننے پر مبارکباد دی گئی تو میں اس پر یقین نہیں کر سکا اور نہ ہی سمجھ سکا۔
محمد ابراہیم اسکاچ 16 سال کی عمر سے سواری اور اسٹنٹ کر رہے ہیں اور 2013 میں پیشہ ور بن گئے۔ انہوں نے بلغاریہ ، مصر اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد بین الاقوامی اسٹنٹ مقابلوں میں حصہ لیا ہے۔
گزشتہ سال کے آغاز میں وہ سعودی آٹوموبائل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کے سرٹیفائیڈ ٹرینر بن گئے تھے۔
محمد ابراہیم اسکاچ کی کامیابیوں کو حال ہی میں فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان العبداللہ الفیصل نے بھی تسلیم کیا اور انہیں مبارکباد دی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

