عالمی کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کرکٹر بنانے میں پاکستان سرفہرست

پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی واحد ٹیم بننے جا رہی ہے جس نے گزشتہ 3 سال میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹر بنایا۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی صائم ایوب کو ٹیسٹ ڈیبیو دینے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد گزشتہ تین سال میں وہ 16 ویں کھلاڑی ہوں گے جنہیں ٹیسٹ کیپ دی گئی۔
دنیائے کرکٹ کی آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت جیسی بڑی ٹیموں نے بھی تین سالوں میں اتنے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹر کا درجہ نہیں دیا، یہ اعزاز پاکستان کو ہی حاصل ہے جس کی سخاوت نے اس اعزاز پر اپنا قبضہ کیا ہے۔
اسے ہم پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کی فیاضی کہیں یا پھر اسے سخاوت کا بلند مقام دیں، درحقیقت اتنے زیادہ نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں موقع دینا اس بات کا غماز ہے کہ گزشتہ تین سال میں پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کے مطابق کھلاڑی نہیں ملے۔
اور جن کھلاڑیوں کو ان تین سالوں میں موقع دیا گیا ان میں سے بعض تو منظر عام سے ہی غائب ہو گئے ہیں، ان میں ظفر گوہر، محمد علی، زاہد محمود اور تابش خان شامل ہیں۔
عمران بٹ نے 6 ٹیسٹ کھیلے اور اب قومی ٹیم سے باہر ہیں جبکہ حارث رؤف اور وسیم جونیئر بھی ٹیسٹ کے معیار پر پورا نہیں اتر سکے۔
واضح رہے کہ پرتھ ٹیسٹ میں خرم شہزاد نے بھی بطور بولر اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا مگر وہ اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں زخمی ہو کر سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔
ان تین سالوں کے دوران ساجد خان نے بھی ٹیسٹ کرکٹ میں دھماکہ خیز انٹری دی تھی مگر وہ بھی درمیان میں ایک سال تک ٹیم سے دور رہے اور اب لگتا ہے دوبارہ ان کو موقع دیا جائے گا۔
پاکستان کی ٹیسٹ کرٹ ٹیم میں ان تین سالوں میں مستقل بنیادوں پر جگہ حاصل کرنے والوں میں آغاز سلمان، نعمان علی، عبداللہ شفیق، سعود شکیل اور ابرار احمد شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم عدم تسلسل کی وجہ سے حالیہ عرصے میں سب سے زیادہ ٹیسٹ ڈیبیو کرانے والی ٹیم بننے جا رہی ہے۔
سڈنی ٹیسٹ میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب پاکستان کی جانب سے 16 ویں کھلاڑی ہوں گے جو ان تین سالوں میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ کیا وہ ٹیم میں مستقل جگہ بنا پائیں گے یا اپنے ہم عصروں کی طرح قصہ پارینہ بن جائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

