بنگلادیش نے نجم الحسین شنٹو کو تمام فارمیٹس کا کپتان مقرر کردیا

بنگلادیش نے نجم الحسین شنٹو کو تمام فارمیٹس کا کپتان مقرر کردیا
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے نجم الحسین شنٹو کو اگلے سال کے لیے تمام فارمیٹس کا کپتان مقرر کردیا ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے شکیب الحسن کی دستیابی سے متعلق غیر یقینی صورت حال کے باعث نجم الحسین شنٹو کو اگلے سال کے لیے تمام فارمیٹس کا کپتان مقرر کیا ہے۔
نجم الحسین شنٹو کیریبین اور امریکہ میں ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی بنگلادیش ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ انہوں نے دسمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بنگلا دیش کی قیادت کی تھی۔
خیال رہے کہ شکیب الحسن نے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے جب کہ آل راؤنڈر کو گزشتہ ماہ بائیں آنکھ میں ریٹینل کی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کپتانی کے لیے ہماری پہلی پسند شکیب الحسن ہی تھے لیکن ان کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے نجم الحسین شنٹو کا انتخاب کیا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے پیر کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نجم الحسین شنٹو کو تینوں فارمیٹس کا کپتان منتخب کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے اس فیصلے سے قبل میٹنگ میں طویل ترین تبالہ خیال کیا جب کہ ہم نے شکیب الحسن سے بھی بات کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی آنکھوں کی تکلیف ابھی دور نہیں ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں ان کی شرکت مشکوک نظر آرہی ہے جب کہ ہمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر بھی غور کرنا ہوگا۔
نظم الحسن نے کہا کہ شکیب الحسن ہی یقینی طور پر ہماری پہلی پسند ہیں لیکن ہم کسی غیر یقینی صورت حال میں نہیں رہنا چاہتے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان مارچ و اپریل میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

