محسن نقوی پی ایس ایل کو بڑا برانڈ بنانے کے لیے کوشاں

محسن نقوی پی ایس ایل کو بڑا برانڈ بنانے کے لیے کوشاں
لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پی ایس ایل کو بڑا برانڈ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی، امید ہے کہ یہ ایک زبردست ٹورنامنٹ ہوگا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی کی پوری ٹیم پی ایس ایل 9 کی تیاری کر رہی ہے، پی ایس ایل 9 کے لیے تمام ٹیمیں لاہور پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کی رونمائی
ان کا کہنا تھا کہ 17 فروری کو پہلا میچ ہوگا، ہماری طرف سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ابھی مکمل طور پر پی سی بی کے معاملات نہیں سنبھالے لیکن اپنی ٹیم سے اپ ڈیٹس لے رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان کے لوگ ایک بڑا ٹورنامنٹ دیکھیں گے، پی سی بی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ لے رہا ہوں، تمام معاملات کنٹرول میں لائیں گے۔ کوشش ہے کہ ٹورنامنٹ کے حوالے سے جو گزشتہ تحفظات تھے وہ ختم ہوں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہر پاکستانی کا خواب پورا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ اللہ تعالی نے رزلٹ دینا ہے، ہم محنت میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پی سی بی ابھی جوائن کیا ہے، کافی تبدیلیاں ہوں گی، پی سی بی کے حوالے سے ایک ہفتے کے دوران چھوٹے چھوٹے کافی فیصلے کیے ہیں۔ انشاء اللہ پی ایس ایل کو بڑا برانڈ بنائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی بتایا کہ کام کا دونوں طرف سے دباؤ ہے، کچھ بریفنگز لے لی ہیں اور باقی جاری ہیں۔ جب پی سی بی کے مسائل کی پوری تصویر سامنے آئے گی تب مزید فیصلے کئے جائیں گے لہذا اس کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ماضی کے مسائل کو بھی سمجھ رہا ہوں، کمزوریاں بھی جان رہا ہوں، انشاء اللہ تمام رزلٹ آپ کے سامنے ہوگا اور کوئی چیز چھپے گی نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نئے سیزن کی ٹرافی کی رونمائی کردی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

