ٹی 20 ورلڈ کپ 2024، فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے آئی سی سی نے تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔
گزشتہ ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کو 10 لاکھ 60 ہزار ڈالر ملے تھے لیکن اس مرتبہ آئی سی سی نے فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم کو دُگنا سے بھی زیادہ کر دیا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کی خوش قسمت فاتح ٹیم کو اس مرتبہ پورے 24 لاکھ ڈالر ملیں گے جو پاکستانی روپے میں 66 کروڑ 85 لاکھ 20 ہزار روپے بنتے ہیں۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے اس نویں ایڈیشن میں رنراپ ٹیم کو 12 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی جسے اگر پاکستانی روپے میں تبدیل کیا جائے تو یہ 35 کروڑ 65 لاکھ 44 ہزار روپے بنتی ہے۔
علاوہ ازیں سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہونے والی بدنصیب دونوں ٹیمیں بھی خالی ہاتھ گھر نہیں جائیں گی، انہیں 7 لاکھ 87 ہزار 5 سو ڈالر فی ٹیم دیئے جائیں گے، جو 21 کروڑ 93 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں دوسرے راؤنڈ سے واپس اپنے گھر جانے والی ٹیموں کو بھی فی کس 3 لاکھ 82 ہزار 5 سو ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، جو پاکستانی روپے میں 10 کروڑ 65 لاکھ سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں نویں تا بارہویں پوزیشن تک رہنے والی ٹیموں کو فی کس 2 لاکھ 47 ہزار 500 ڈالر دیئے جائیں گے جنہیں اگر پاکستان روپے میں تبدیل کیا جائے تو یہ 6 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں 13 ویں تا 20 ویں پوزیشن پر رہنے والی ٹیموں کے لیے آئی سی سی نے فی ٹیم 2 لاکھ 25 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، جو 6 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے انعامی رقم کی بارش ابھی یہاں تھمی نہیں ہے، ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں سیمی فائنل اور فائنل کے علاوہ گروپ یا اگلے مرحلے میں ہر میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو علیحدہ سے اضافی 31 ہزار 1 سو 54 ڈالر ملیں گے جو پاکستانی روپے میں 86 لاکھ 77 ہزار روپے سے زائد بنتے ہیں۔
یاد رہے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے نویں ایڈیشن کا یکم جون سے آغاز ہو چکا ہے اس ایونٹ کی میزبانی امریکہ اور ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر انجام دے رہے ہیں، ایونٹ میں 20 ٹیمیں 28 دنوں تک ٹرافی کی جنگ کے لیے مد مقابل ہوں گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

