ٹی 20 ورلڈ کپ، بڑے مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستانی بیٹسمین بھارت کا 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان سب سے نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 31 رنز بنائے، بابر اعظم، عثمان خان اور فخر زمان 13،13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
عماد وسیم نے 15 رنز بنائے، شاداب 4، افتخار 5 اور نسیم شاہ نے 10 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 3 وکٹیں حاصل کی، جبکہ ہاردیک پانڈیا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میگا ایونٹ کا 19 ویں اور سب سے بڑے ٹاکرے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت ہوا۔
بھارت کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 119 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کا پہلا شور اس وقت ہوا جب روہت شرما نے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر چھکا لگایا، دوسرے اوور میں ویرات کوہلی کے نسیم شاہ کو لگائے گئے چوکے پر بھی بھارتی تماشائیوں کا ہلہ گلہ قابل دید تھا۔
نسیم شاہ کی اگلی ہی گیند پر ویرات کوہلی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اب باری پاکستانی مداحوں کے خوش ہونے کی تھی، پھر 19 کے مجموعی اسکور پر روہت شرما 12 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو اسٹیڈیم میں بھارتی شائقین کو سانپ سونگھ گیا۔
اکشر پٹیل نے 20 رنز بنائے، سوریا کمار یادیو 7، شیوم دوبے 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بھارت کی جانب سے رشبھ پنت نمایاں بیٹسمین تھے جنہوں نے 42 رنز کی اننگ کھیلی، ہردیک پانڈیا 7 جبکہ رویندر جڈیجا کوئی رن نہ بنا سکے۔
پاکستانی پیس بیٹری کے دو اہم رکن حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 3،3 بھارتی کھلاڑیوں کا شکار کیا، جبکہ محمد عامر نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
میگا ایونٹ میں یہ پاکستان کی مسلسل دوسری شکست ہے، اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو ایک بار پھر اگر مگر کی ضروت پڑ گئی ہے۔
اسکواڈ:
پاکستان:
محمد رضوان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم (کپتان)، عثمان خان، فخر زمان، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، محمد عامر
بھارت:
روہت شرما (کپتان)، ویرات کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادیو، شیوم ڈوبے، ہاردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل، جسپریت بمرا، محمد سراج، ارشدیپ سنگھ
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

