پاکستان کی 25 کروڑ عوام کے مفاد میں ترامیم کریں گے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 25 کروڑ عوام کے مفاد میں ترامیم کریں گے۔
اسلام آباد میں ایک پُرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج صبح سے پارلیمنٹ میں گہما گہمی ہے، میڈیا پورے پاکستان میں معلومات پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ آئینی ترمیم کا معاملہ ہے، آئین پاکستان میں ترمیم کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہوتا ہے، ایک ایک لفظ پر غور کیا جاتا ہے اور ایک ایک نقطے پر ماہر قانون سے رائے طلب کی جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک اس پر ایک متفقہ لائحہ عمل نہیں اپنایا جاتا تب تک آگے نہیں بڑھا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس اس آئینی ترمیم کا مسودہ موجود ہے، اس متعلق مولانا فضل الرحمان اپوزیشن جماعتوں کو اور حکومت اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لے رہی ہے اور وسیع مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن اپنی اپنی مشاورت مکمل نہیں کرلیتے تب تک آئینی ترمیم پیش نہیں کی جاسکتی، چارٹر آف ڈیموکریسی میں یہ طے کیا گیا تھا کہ عوام تک انصاف کی فراہمی کو تیز بنایا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 1973 کے آئین کے مطابق پارلیمنٹ سپریم ہے، عدلیہ کی طرف سے مختلف ادوار میں آئین کی تشریح کی گئی۔
ہم اپنے قانونی ماہرین کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کر رہے ہیں، پاکستان کی 25 کروڑ عوام کے مفاد میں ترامیم کریں گے، ہم ایک مشترکہ نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ان آئینی ترامیم سے پورے ملک میں مثبت پیغام جائے، اور لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

