وزیراعلیٰ مریم نواز کا چین کی جنکو سولر کمپنی کا دورہ، سولر ٹیکنالوجی کے فروغ پر گفتگو

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کی معروف سولر کمپنی جنکو سولر کا دورہ کیا اور کمپنی کی جدید سولر ٹیکنالوجی اور معیاری سولر مصنوعات پر تفصیلی بریفنگ لی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے چین اور پنجاب کے درمیان سولر ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معلومات کے تبادلے پر زور دیا اور جنکو کمپنی کو پنجاب میں سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش کی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ہم جنکو سولر کمپنی کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی ٹیم سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے لیے ورکنگ کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی جنکو کمپنی پنجاب میں چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کرے گی، تاکہ سولر ٹیکنالوجی کو عوام تک پہنچایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب میں سولر توانائی کے وسیع امکانات ہیں اور اس سے نہ صرف بجلی کے اخراجات میں کمی کی جا سکتی ہے بلکہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی کم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا، پنجاب میں سولر توانائی کی پیداوار کے بہترین مواقع موجود ہیں، اور ہم سولر توانائی کا استعمال بڑھا کر روایتی ایندھن پر انحصار کم کریں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم عوام کو سستی اور پائیدار توانائی فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، اور سولر توانائی کے ذریعے عوامی اداروں، رہائشی علاقوں اور دیہاتوں تک بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے جنکو سولر کمپنی کی سولر ٹیکنالوجی کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور کمپنی کو پنجاب میں گرین انرجی منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کو قابل تجدید توانائی کا مرکز بنانے کے لیے ہم بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، اور سولر پینل کے میگا پروجیکٹس پنجاب میں شروع ہو چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ “ہماری حکومت کا عزم ہے کہ پنجاب میں سولر توانائی کے استعمال کو فروغ دیں تاکہ نہ صرف توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے، بلکہ ماحولیات کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جا سکیں۔”
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

