میانمار اور تھائی لینڈ، طاقتور زلزلے کے بعد تباہی کے مناظر، 16 سو سے زائد افراد ہلاک، مزید ہلاکتوں کا خدشہ

میانمار اور تھائی لینڈ میں جمعہ کے روز 7.7 شدت کے زلزلے نے شدید تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں اب تک 1,644 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 2,400 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
زلزلے سے میانمار کا شہر منڈلے سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں 694 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے اور بجلی و مواصلاتی نظام مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ سگائنگ اور دیگر قریبی شہروں میں بھی شدید نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
زلزلے کے بعد ہونے والی تباہی کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے، کیونکہ متعدد عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہیں اور کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
1,591 سے زائد مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلے کا مرکز سگائنگ سے 16 کلومیٹر دور تھا، اور اس کے بعد 6.8 شدت کا ایک آفٹر شاک بھی ریکارڈ کیا گیا۔
امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں، لیکن خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امدادی کارروائیاں تیز نہ کی گئیں تو ہلاکتوں کی تعداد 10,000 سے تجاوز کر سکتی ہے۔
میانمار کی فوجی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ بین الاقوامی امدادی اداروں نے بھی مدد کی پیشکش کی ہے، تاہم 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد معلومات تک رسائی اور امدادی کاموں میں رکاوٹیں بڑھ گئی ہیں۔
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس کیے گئے، جہاں ایک زیر تعمیر عمارت گرنے سے تقریباً 100 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News