میانمار اور تھائی لینڈ زلزلہ، 1600 سے زائد افراد ہلاک، ہزاروں لاپتہ

میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1600 سے تجاوز کر گئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق میانمار میں زلزلے کے باعث 1002 افراد ہلاک اور 2400 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کے لئے سرگرم ہیں، تاہم امریکی ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہو سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈالے میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے 900 کلومیٹر دور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں متعدد عمارتیں اور تعمیراتی اسٹرکچرز منہدم ہو گئے۔
بنکاک کے حکام نے بتایا کہ انہیں تعمیراتی اسٹرکچرز میں دراڑیں پڑنے کی 2000 رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ ایک زیر تعمیر بلند عمارت کے گرنے سے 10 افراد ہلاک اور 100 مزدور لاپتہ ہو گئے ہیں۔
زلزلے کے اثرات بھارت کی ریاستوں میگھالیہ اور منی پور، بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا اور چین میں بھی محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈالے سے 17.2 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔
ریسکیو آپریشن جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ حکام اور امدادی ادارے مزید نقصانات سے بچنے کے لئے ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

